تُونس :النہضہ کے خلاف بین الاقوامی سطح پر لابنگ کے لیے رقوم دینے کی تحقیقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

تُونس میں عدلیہ نے ملک کی بڑی اسلامی سیاسی جماعت النہضہ کے خلاف بین الاقوامی سطح پر لابنگ کے لیے غیرملکی فرم کو ٹھیکا دینے پر تحقیقات شروع کردی ہے۔

النہضہ نے اپنے حق میں مہم کے لیے گذشتہ ہفتے ہی امریکا میں تعلقات عامہ کے ایک پریشر گروپ کے ساتھ معاملہ طے کیا ہے۔اس کا مقصد بین الاقوامی سطح پرتحریک کے تشخص کو بہتر بنانا اور رائے عامہ کو تُونسی صدر قیس سعید کے حالیہ اقدامات کے خلاف ہموار کرنا ہے۔

Advertisement

تُونسی کی عدالت برائے اولین شہادت کے ترجمان محسن الدالی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’استغاثہ النہضہ پارٹی اور بین الاقوامی ایجنسی برائے ابلاغیات اور تعلقاتِ عامہ کے درمیان طے پانے والے کنٹریکٹ کی تفصیل اکٹھی کررہا ہے۔‘‘

النہضہ تحریک اور تعلقات عامہ کی ایجنسی ’’برسن کوہن اینڈ وولف‘‘ کے درمیان 29 جولائی کو 30 ہزار ڈالر کی مالیت کا کنٹریکٹ طے پایا تھا۔اس کی دستاویزات منظرعام پر آنے کے بعد یہ نیا تنازع اٹھ کھڑا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ تُونسی قانون کے تحت کسی بھی سیاسی جماعت کو غیرملکی حمایت یا فنڈزحاصل کرنے کی اجازت نہیں ہے،اگرکوئی جماعت ایسا کرے گی تو وہ مستوجب سزا ہوگی۔

قبل ازیں عدلیہ نے جولائی کے وسط میں النہضہ تحریک ، قلبِ تُونس پارٹی اور عیش تُونس ایسوسی ایشن کے خلاف بیرون ملک لابنگ اور انتخابی مہموں کے لیے رقوم کے حصول کی غرض سے کوشش اور باہر سے ایک نامعلوم ذریعے سے فنڈز وصول کرنے کی تحقیقات شروع کی تھی۔

النہضہ تحریک صدر قیس سعید کے حالیہ فیصلوں کے خلاف اندرون ملک سے عوامی حمایت کے حصول میں ناکامی کے بعد اب بیرون ملک لابنگ کے لیے کوشاں ہے۔صدر قیس سعید نے 25 جولائی کو وزیراعظم ہشام المشیشی کے زیرقیادت حکومت کو برطرف کردیا تھا،پارلیمان کو ایک ماہ کے لیے معطل کردیا تھا اور النہضہ کے ارکان کو حاصل استثنا بھی واپس لے لیا تھا۔

واضح رہے کہ تُونس کے بزرگ سیاسی اور مذہبی رہ نما راشدالغنوشی کے زیرقیادت النہضہ گذشتہ دس سال کے دوران میں تمام مخلوط حکومتوں میں شامل رہی ہے مگر پے درپے برسراقتدارآنے والی حکومتیں تُونس کودرپیش معاشی، سماجی اور سیاسی مسائل سے نجات نہیں دلاسکی ہیں۔تُونسیوں کی اکثریت النہضہ کو بھی ملکی مسائل کا ذمہ دار گردانتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ 2011ء کے عرب بہاریہ انقلاب کے بعد اس جماعت نے عوام سے کیے گئے اپنے وعدوں کو پورانہیں کیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں