.

عراق میں فوجی طاقت کا استعمال منسوخ کرنے کے لیے کانگریس میں بل تیار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی سینیٹ کے دس ریپبلکن اراکین نے عراق میں فوجی طاقت کے استعمال کے 1991 اور 2002 کے اختیارات کو منسوخ کرنے کے لیے بل پر دستخط کیے ہیں۔

وال سٹریٹ جرنل نے جمعرات کے روز ایک رپورٹ میں بتایا کہ سینیٹر ٹوڈ ینگ اور ٹم کائن کی قیادت میں نئے بل میں 2002 کی عراق جنگ اور 1991 کی خلیجی جنگ کے دوران فوجی طاقت کے استعمال کی دی گئی اجازت کو منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

یہ اقدام اس بات کی تازہ علامت ہے کہ دونوں جماعتوں کے قانون ساز جنگ کے اعلان کے کانگریس کے آئینی اختیار کو دوبارہ پیش کرنے کی کوششوں میں تیزی لے رہے ہیں۔

قانون سازی کے لیے 100 رکنی سینیٹ میں کم از کم 60 ووٹ درکار ہوتے ہیں جس کا مطلب ہے کہ بل کو منظور کرانے کے لیے تمام 50 ڈیموکریٹس اور کم از کم 10 ریپبلکن ووٹوں کی ضرورت ہے۔

بدھ کے روز امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی نے عراق میں فوجی طاقت کے استعمال کے دو اجازت ناموں کو منسوخ کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔

قابل ذکر ہے کہ جوبائیڈن انتظامیہ نے کئی ہفتے پیشتر یہ انکشاف کیا تھا کہ وہ کانگریس میں فوجی طاقت کے استعمال کی اجازت کو منسوخ کرنے کی کوششوں کی حمایت کریں گے۔ یہ اجازت نامہ 2002 میں جاری کیا گیا تھا۔