.
کرونا وائرس

سعودی عرب :کووِڈ-19؛متوفیٰ طبی کارکنان کے خاندانوں کوایک لاکھ33 ہزارڈالر دینے کااعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے کووِڈ-19 سے زندگی کی بازی ہارنے والے طبی کارکنوں کے خاندانوں کو ایک لاکھ33 ہزار 300ڈالر(پانچ لاکھ ریال) امداد کے طور پر دینے کا اعلان کیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق کروناوائرس سے وفات پاجانے والے شعبہ طب کے تمام ملازمین کے خاندانوں کوحکومت کی طرف سے معاوضہ دیا جائے گا۔متوفیان خواہ سعودی شہری تھے یا تارکین وطن مکین ،سرکاری شعبے میں کام کرتے تھے یا نجی شعبے میں ملازم تھے ،سول یا فوجی شعبے میں کام کرتے تھے،ان سب کے خاندانوں کو حکومت کی جانب سے پانچ لاکھ ریال (فی خاندان) کی رقم دی جائے گی۔

ایس پی اے کے مطابق وزیرصحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’شعبہ طب میں خدمات انجام دینے والے کارکنان نے کروناوائرس کی وَبا کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں قربان کی ہیں۔انھوں نے مکینوں اور شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کی مہم میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ سعودی عرب کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج اور اس وَبا سے نمٹنے میں مدد دینے والے ہیلتھ کیئر ورکروں کی قربانیوں کو سراہتا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ’’سعودی عرب میں شعبہ صحت نے کووِڈ-19 کی وبا پر قابو پانے کے لیے عظیم کوششیں کی ہیں۔وہ اس وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے تمام دستیاب سائنسی اور عملی ذرائع کو بروئے کارلائے ہیں۔اس وَبا کے خلاف جنگ میں بھاری فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔‘‘

دریں اثناء سعودی وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 731 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے اور 14 مریض وفات پاگئے ہیں۔سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے 533516 کل کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے،ان میں سے514982 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور 8334 مریض وفات پاچکے ہیں۔مملکت بھر میں اب تک کووِڈ-19 ویکسین کی دوکروڑ 96 لاکھ سے زیادہ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔