کووِڈ-19:سعودی عرب کی جی ڈی پی میں2021ء کی دوسری سہ ماہی میں 1.5فی صد اضافہ
سعودی عرب کی قومی معیشت کرونا وائرس کی وبا کے اثرات سے بتدریج نکل رہی ہے اور اس کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں 2021ء کی دوسری سہ ماہی میں کووڈ-19 کی وبا کے آغاز کے بعد سے پہلی مرتبہ 1.5 فی صد کی مثبت شرح نموریکارڈ کی گئی ہے۔
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے سوموار کو اپنی ویب سائٹ پرقومی معیشت سے متعلق نئے اعدادوشمار جاری کیے ہیں۔ان کے مطابق رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں مجموعی گھریلو پیداوار(جی ڈی پی) کی شرح نمومیں 2020ء کی اسی مدت کے مقابلے میں اضافہ ہوا ہے۔
اس مثبت شرح نمو کی وجہ اس عرصے میں غیرتیل معاشی سرگرمیوں میں 10.1 فی صد اضافہ ہے، اس کے علاوہ حکومت کی سرگرمیوں میں 0.7 فی صد اضافہ بھی ہوا ہے۔
ان تخمینوں کے مطابق حقیقی جی ڈی پی میں رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 2021ء کی دوسری سہ ماہی میں 1.1 فی صد کی مثبت شرح نموریکارڈ کی گئی جبکہ اسی سہ ماہی میں غیرتیل سرگرمیوں کا حقیقی جی ڈی پی میں حصہ 1.3 فی صد ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہ ایک مثبت شرح نمو ہے۔