.

ایران : نئے صدرابراہیم رئیسی کی کابینہ میں کون کون وزیرشامل ہے؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے اپنی نئی کابینہ کی فہرست منظوری کے لیے پارلیمان میں پیش کردی ہے۔انھوں نے کابینہ میں بعض نئے چہرے متعارف کرائے ہیں۔ البتہ ان کے نامزد بیشتر وزراء ماضی کی حکومتوں کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔

ابراہیم رئیسی جون میں ایران کے آٹھویں صدر منتخب ہوئے تھے اور انھوں نے گذشتہ ہفتے پارلیمان کے روبرو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

ایرانی قانون کے تحت صدر کے نامزد ورزاء کی پارلیمان سے منظوری ضروری ہے۔توقع ہے کہ پارلیمان ان کے نامزد وزراء کی منظوری دے دے گی کیونکہ وہ نظریاتی طور پر نئے صدر سے ہم آہنگ ہی ہے۔

ان کے نامزد وزراء میں سینیر سفارت کار حسین امیر عبداللہیان بھی شامل ہیں۔ وہ ایران کے سپاہِ پاسداران انقلاب کے قریب سمجھتے جاتے ہیں۔انھیں جواد ظریف کی جگہ وزارت خارجہ کاقلم دان سونپا جائے گا۔

ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایرنا کی شائع کردہ مجوزہ وزراء کی فہرست کے مطابق ابراہیم رئیسی نے جواد عوجی کاوزیرتیل کی حیثیت سے انتخاب کیا ہے۔احمد وحیدی ان کی کابینہ میں وزیرداخلہ ہوں گے۔

جواد عوجی ایران کے سابق نائب وزیرتیل اور سرکاری قومی ایرانی گیس کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر رہے ہیں۔احمد وحیدی سابق وزیردفاع ہیں اور وہ سپاہ پاسداران انقلاب کی بیرون ملک کارروائیوں کی ذمے دار القدس فورس کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔

ایرنا کے مطابق اسماعیل خطیب کو نئی کابینہ میں سراغرسانی کے وزیر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔وہ اس سے پہلے ایرانی عدلیہ کے انٹیلی جنس یونٹ کے سربراہ رہ چکے ہیں۔وہ ماضی میں ایران کے رہبرِاعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے دفتر میں بھی کام کرچکے ہیں۔