.

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد کی اولمپک چیمپئن طارق حامدی سے ملاقات،جیت پرمبارک باد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کے روز اولمپک چیمپئن طارق حامدی سے ملاقات کی ہے اور ٹوکیو اولمپکس میں کراٹے کے مقابلے میں شاندار کارکردگی پرانھیں مبارک باد پیش کی ہے۔انھوں نے ٹوکیواولمپکس میں کراٹے کے فائنل مقابلے میں چاندی کا تمغا جیتا تھا۔

سعودی ولی عہد نے طارق حامدی کی کراٹے میں ممتازمہارتوں کی تعریف کی اور انھیں مبارک باد دیتے ہوئے اس خواہش کا اظہارکیاکہ وہ مستقبل میں بہت سے بڑے اعزازات جیتیں۔

طارق حامدی نے اس بھرپور انداز میں ہمت افزائی اور پذیرائی پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تمام ایتھلیٹس کو بالعموم اور کراٹے کے کھیل میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کو بالخصوص ہر ممکن معاونت مہیا کرنے کو تیار ہیں۔

اس ملاقات میں سعودی عرب کے وزیرکھیل اور اولمپک کمیٹی کے صدر شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل بھی موجود تھے۔

طارق حامدی جب سوموار کو ٹوکیو سے جدہ پہنچے تو ان کا پُرتپاک اور فقیدالمثال استقبال کیا گیا تھا۔شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل بھی ان کے ہمراہ جدہ پہنچے تھے۔

ٹوکیو اولمپکس میں طارق حامدی کا گذشتہ ہفتے کے روز کراٹے کے 75 کلوگرام سے زیادہ وزن کی کیٹگری کے فائنل میں ایرانی کھلاڑی سے مقابلہ ہوا تھا لیکن وہ ناک آؤٹ ہونے کی وجہ سے سونے کے تمغے سے محروم کردیے گئے تھے اور انھیں چاندی کے تمغے کا حق دار ٹھہرایا گیا تھا۔

وہ فائنل میں اپنے ایرانی حریف سجاد گنج زادہ سے 4-1 سے جیت رہے تھے۔مقابلے کے دوران میں انھوں نے اپنے حریف کی گردن پرزوردار کک مار دی جس سے وہ بے ہوش ہوکر گرپڑے اور انھیں اسٹریچر پر ڈال کر رنگ سے باہر لے جانا پڑا تھا۔

کراٹے کے اس فائنل مقابلے کے ریفری نے بعد میں ایرانی ایتھلیٹ کو فاتح اور طلائی تمغے کا حق دار قراردیا تھا اور طارق حامدی کی کک کو خلاف قاعدہ اورانھیں اس فائنل مقابلے میں شکست خوردہ قراردیا تھا۔اس طرح وہ سونے کا تمغا حاصل کرنے سے محروم رہے تھے۔

مگر اس کے باوجود سعودی وزیرکھیل اور اولمپک کمیٹی کے صدر شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے فائنل تک رسائی پرطارق حامدی کو طلائی تمغے کے ساتھ 50 لاکھ سعودی ریال (13 لاکھ امریکی ڈالر) کی خطیر رقم انعام کے طور پردینے کا اعلان کیا ہے۔

شہزادہ عبدالعزیز نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’’وہ (طارق حامدی) ہم سب کا ہیرو ہے۔ٹوکیو 2020ء اولمکپس میں عالمی اسٹارز کے مقابلے میں شاندار کارکردگی،تخلیقیت اور مملکت کی باوقارانداز میں نمایندگی پر انھیں طلائی تمغے (50 لاکھ ریال) سے نوازا جائے گا۔‘‘انھوں نے مزید کہاکہ’’آپ اس کے حق دار ہیں،آپ ہمارے ہیرو ہیں، مستقبل آپ کا ہے۔ان شاء اللہ۔‘‘۔