.

سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے حوثیوں کا بارود سے لدا ڈرون مارگرایا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے جمعرات کے روزیمن کی فضائی حدود ہی میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کا بارود سے لدا ایک ڈرون مارگرایا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ہم معاندانہ حملوں سے شہریوں اور شہری اہداف کے تحفظ کے لیے آپریشنل اقدامات کررہے ہیں۔‘‘

حوثی ملیشیا نے اگست کے دوسرے ہفتے کے بعد سے اب تک سعودی عرب کی جانب بارود سے لدے تین ڈرون سے حملوں کی کوشش کی ہے لیکن سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے انھیں ناکام بنا دیا ہے۔

حوثی ملیشیا نے حالیہ مہینوں کے دوران میں یمن کے شمال سے سعودی عرب کے جنوبی شہروں اور علاقوں کی جانب بارود سے لدے متعدد ڈرون بھیجے ہیں اور میزائل داغے ہیں۔سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد ان ڈرون حملوں کے تدارک اور ان سے شہریوں اور شہری ڈھانچے کو بچانے کے لیے بروقت دفاعی اقدامات کررہا ہے۔

عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ’’دہشت گرد حوثی ملیشیا اور اس کی پشت پناہ قوتوں نے شہریوں اور شہری اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے جرائم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ دہشت گردی کی یہ کارروائیاں بین الاقوامی انسانی قانون کی ننگی خلاف ورزی اورانسانی اقدار کے صریحاً منافی ہیں اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں۔‘‘

سعودی عرب نے یمن میں گذشتہ چھے سال سے جاری بحران کے خاتمے کے لیے مارچ میں جنگ بندی کی تجویز پیش کی تھی لیکن ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے اس تجویز کو مسترد کردیا تھا جبکہ یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت نے اس تجویزکا خیرمقدم کیا تھا۔