.
افغانستان وطالبان

کابل ہوائی اڈے کے نزدیک دھکم پیل میں 07 افغان شہری جاں بحق

امریکی شہری کابل ایئر پورٹ کا رخ نہ کریں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برطانوی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ کابل ایئرپورٹ کے قریب افراتفری اور دھکم پیل کے واقعات میں سات افغان شہری جان کی بازی ہار گئے۔

ابوظبی سے عربی زبان میں نشریات پیس کرنے والے ’’سکائی نیوز عربیہ‘‘ نے برطانوی وزارت دفاع کے ترجمان کا ایک بیان نشر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’ہماری نیک تمنائیں ان سات افغان شہریوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں جو کابل میں ہجوم میں ہلاک ہو گئے۔‘

گذشتہ اتوار سے لے کر اب تک کابل ایئرپورٹ پر کم از کم 12 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ رائٹرز کے مطابق بعض افراد کو گولیاں لگیں جبکہ کچھ دیگر بھگدڑ میں کچلے گئے۔

ادھر امریکی حکومت نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ کابل میں ایئر پورٹ ٹرمینل کے باہر ہنگامے اور غیر یقینی صورتحال کے پیشِ نظر ایئر پورٹ نہ جائیں۔

سنیچر کے روز ایک سکیورٹی الرٹ میں امریکی شہریوں سے کہا گیا کہ وہ گیٹس کے باہر ممکنہ سکیورٹی خطرات کی وجہ سے ہوائی اڈے سے دور رہیں۔

الرٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ صرف وہ شہری ہوائی اّے پر جائیں جن کو امریکی حکومت کا کوئی نمائندہ ایسا کرنے کے لیے کہے۔

یاد رہے کہ افغانستان میں طالبان کے قابض ہو جانے کے بعد ہزاروں لوگ ملک سے باہر جانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔