الامارات ائیرلائںزکی لبنانی مسافروں کواضافی سامان اور ادویہ لے جانے کی پیش کش
دبئی کی ملکیتی فضائی کمپنی الامارات ائیرلائنز نے 30 ستمبر تک اقتصادی بحران کا شکار لبنان کا سفر کرنے والے مسافروں کواضافی سامان پرالاؤنس دینے کا اعلان کیا ہے۔
الامارات ائیرلائنز نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ لبنان کے مسافراب اپنے ساتھ 10 کلوگرام اضافی سامان لے جاسکتے ہیں کیونکہ لبنان کو اس وقت ضروری اشیاء اور ادویہ کی شدید قلّت کا سامنا ہے۔
اس فضائی کمپنی کے ذریعے سفرکے لیے متحدہ عرب امارات ،بحرین ،سعودی عرب ،لبنان اور آسٹریلیا سے اپنے ٹکٹ بُک کروانے والے مسافر لبنان میں اضافی سامان لے جاسکیں گے۔لبنانیوں کی ایک بڑی تعداد خلیجی عرب ممالک میں روزگار کے سلسلے میں مقیم ہے۔
60 لاکھ نفوس پر مشتمل لبنان کو اس وقت بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے۔ملک میں گذشتہ دوسال سے اقتصادی اور سیاسی بحران جاری ہے اورحالیہ دنوں میں ایندھن کی شدیدقلّت پیدا ہوچکی ہے، حکومت مہنگے داموں بیرون ملک سے تیل برآمد کررہی ہے۔
اب لبنان کی عبوری حکومت معاشی بحران کے پیش نظر زرتلافی پریہ ایندھن شہریوں کو مہیا کرنے سے قاصر ہے اور اس نے اسی ہفتے گیسولین کی قیمتوں میں مزیداضافہ کردیا ہے۔گیسولین کی قلّت کی وجہ سے گذشتہ کئی روز سے گیس اسٹیشنوں پر لوگوں کی لمبی لمبی قطاریں دیکھی جارہی ہیں اور بعض جگہوں پر لوگوں کے درمیان لڑائی جھگڑے بھی ہوئے ہیں۔
امریکا عالمی بنک ،مصر اور اردن کی حکومتوں کے ساتھ مل کر لبنان کو اس ابتر معاشی بحران سے نکالنے کے لیے کام کررہا ہے تاکہ لبنان میں ایندھن اور توانائی کی قلّت پر قابوپایا جاسکے۔
واضح رہے کہ الامارات ائیرلائنز نے قبل ازیں اگست 2020ء میں بیروت کی بندرگاہ پر تباہ کن دھماکےکے بعد لبنان کے ساتھ انسانی امدادی فضائی پُل بنایا تھا اور لبنان میں 160 ٹن وزنی خوراک ، ادویہ اور دوسری اشیاء پہنچائی تھیں۔