ابوظبی:5 ستمبر سے تمام سرکاری اورنجی دفاترمیں 100 فی صد ملازمین کی حاضری کی اجازت
امارت ابوظبی نے 5 ستمبر سے تمام سرکاری اداروں اور نجی کمپنیوں کواپنے 100 فی صد ملازمین کودفاتر میں بلانے کی اجازت دے دی ہے۔
ابوظبی کے میڈیا دفتر کے مطابق ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے تمام ملازمین اور ویکسین سے مستثنیٰ افراد کو سرکاری عمارتوں میں داخل ہونے سے قبل محکمہ صحت کی الحوسن ایپ پراپنا اندراج کرانا چاہیے اوران کی اس پر سبز حیثیت ظاہر ہونی چاہیے۔
ویکسین نہ لگوانے والے ملازمین کو ہرسات دن کے بعد کووڈ-19 کا پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔میڈیا دفتر نے واضح کیا ہے کہ ایسا کوئی بھی ملازم جو حکومت کے کروناوائرس کے ٹیسٹ کے تقاضوں پرعمل نہیں کرے گا،اسے کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔اس صورت میں اگرکوئی ملازم کام نہیں کرے گا تواس کی ایک دن کی تن خواہ کاٹ لی جائے گی یا اس کی سالانہ چھٹی میں سے ایک دن منہا کرلیاجائے گا۔
گریڈ 10 یا اس سے کم گریڈ کے ملازم والدین کے بچے اگر چھوٹے ہیں یا وہ طبی وجوہات کی بنا پراسکولوں میں حاضری سے قاصر ہیں تو ان میں سے ایک کو ریموٹ ورکنگ یا گھرمیں بیٹھ کر کام کرنے کی اجازت ہے۔تاہم ایسے والدین کوتعلیمی ادارے کا تصدیق شدہ سرٹی فیکیٹ ثبوت کے طور پر فراہم کرنا ہوگا کہ ان کا بچہ تعلیمی ادارے میں نہیں جا سکتا یا اس کو بالمشافہ تدریس سے مستثنیٰ قراردیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں بھی تمام طلبہ اورتدریسی عملہ کے ارکان کو اسکول حاضر ہونے سے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کروانے کی ضرورت ہے۔
ابوظبی کے محکمہ تعلیم وتعلم (اے ڈی ای کے) نے بدھ کے روز اعلان کیا تھاکہ اسکولوں میں واپس آنے والے تمام طلبہ ، اساتذہ اور مکمل طور پرویکسین لگوانے والے افراد،اس سے مستثنیٰ افراد، انتظامیہ کے عملہ اور ٹھیکےداروں کو اسکول کے پہلے دن سے قبل 14 دن کے اندر کرایا گیا پی سی آر ٹیسٹ کا منفی نتیجہ پیش کرنا ہوگا۔