سعودی عرب اورپاکستان کی جانب سے کابل میں خودکش بم دھماکوں کی شدید مذمت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب اور پاکستان نے افغان دارالحکومت کابل کے حامدکرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دوتباہ کن خودکش بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

افغان حکام کے مطابق جمعرات کوکابل ائیرپورٹ کے بیرونی دروازے کے باہر خودکش بم دھماکوں میں 60 افراد ہلاک اور 140 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔مہلوکین میں امریکی فوجی اور افغان شہری دونوں شامل ہیں۔دہشت گردی کے اس حملے کے وقت ائیرپورٹ کے باہرافغانوں کا ایک جم غفیر تھا اور حملہ آوروں نے ان کے درمیان خودکو دھماکوں سے اڑایا ہے۔

سعودی عرب کی وزارت برائے امورخارجہ نے ایک بیان میں کابل میں دہشت گردی کے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ مملکت برادراسلامی ملک افغانستان میں رونما ہونے والے واقعات پر گہری نظررکھے ہوئے ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت خارجہ نے اس امید کااظہار کیا ہے کہ افغانستان میں صورت حال جلد سے جلد مستحکم ہوگی۔اس کے ساتھ ہی اس بات پر زوردیا ہے کہ سعودی عرب افغان عوام کی حمایت کرتا ہے۔

وزارت خارجہ نے سعودی عرب کے اس مؤقف کا اعادہ کیا ہے کہ ’’وہ اس طرح کی مجرمانہ کارروائیوں کو مسترد کرتا ہے۔ان کی دنیا کے کسی بھی دین ومذہب کے اصولوں اور اعلیٰ انسانی اور اخلاقی اقدار سے کوئی مطابقت نہیں ہے۔‘‘

پاکستان کے دفترخارجہ نے بھی اسلام آباد میں جاری کردہ ایک بیان میں ان تباہ کن بم دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے اور ان میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے بیان میں بم دھماکوں میں مارے گئے افراد کے خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں