افغانستان وطالبان

کابل ہوائی اڈے پرداعش کےخودکش حملے میں 12 امریکی میرینزہلاک ، 15 زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

افغانستان کے دارالحکومت کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے باہر سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے خودکش بم حملے میں 12 امریکی میرینز ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے ہیں۔کابل میں متعیّن امریکی سفیر نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

امریکا کی مرکزی کمان کے سربراہ جنرل کینتھ میکنزی نے بھی ایک بیان میں خودکش بم دھماکوں میں 12 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور ان ہلاکتوں پر داعش سے افغانستان میں بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔محکمہ دفاع پینٹاگان کے پریس سیکریٹری جان کربی نے قبل ازیں ایک بیان میں کہا کہ کابل ائیرپورٹ پر حملے میں متعدد امریکی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں لیکن انھوں نے ہلاکتوں کی حقیقی تعداد بتانے سے گریز کیا تھا۔

امریکی خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے دوعہدے داروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ خودکش حملے میں 11میرینز اور بحریہ کا ایک طبی کارکن ہلاک ہوگیا ہے۔فروری 2020ء کے بعد افغانستان میں کسی کارروائی میں پہلی مرتبہ امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

Advertisement

طالبان کے عالمی ترجمان سہیل شاہین نے بتایا ہے کہ ائیرپورٹ کے امریکی فوج کے زیرانتظام حصے میں افغانوں کے ہجوم میں دو دھماکے ہوئے ہیں۔انھوں نے ان میں 13 افراد کی ہلاکت اور 52 کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی اور کہا کہ ہم دہشت گردی کے اس بھیانک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اس میں ملوّث مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہرممکن اقدام کریں گے۔

سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے کابل کے ہوائی اڈے کے باہر خودکش حملے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔افغانستان میں داعش کے سربراہ خالدعمر کی ہلاکت کےبعداس خدشے کا اظہارکیاجارہا تھاکہ کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بیرون ملک جانے کے خواہاں ہزاروں افغان اورغیرملکی موجود ہوتے ہیں،انھیں دہشت گرد کسی بھی وقت اپنے حملے میں نشانہ بنا سکتے ہیں۔

دنیا بھر میں متحرک سخت گیرجنگجوگروپوں کی آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی کرنے والی سائٹ مانیٹرنگ ایجنسی کے مطابق داعش کی پروپیگنڈا خبری ویب گاہ اعماق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حملہ آوربمبارتمام سکیورٹی رکاوٹوں کو عبور کرنے میں کامیاب ہوگیا تھا۔وہ جب امریکی فورسز سے صرف پانچ میٹر کے فاصلے پر تھا تو اس نے اپنی بارود سے بھری بیلٹ کودھماکے سے اڑادیا۔

اس بیان میں صرف ایک خودکش حملے کا ذکرکیا گیا ہے جبکہ کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے باہر دو خودکش بم دھماکے ہوئے ہیں اور رات کے وقت ایک تیسرے دھماکے کی بھی آواز سنی گئی ہے۔اس کے علاوہ بعض مسلح افراد نے فائرنگ بھی کی تھی۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نےایک بیان میں کہا ہے کہ ہوائی اڈے کے اندرامریکی فوج نے اپناسامان تباہ کرنے کے لیے دھماکا کیا ہے۔رات کے وقت اسی کی آواز سنی گئی ہے اور کابل کے شہریوں کوپریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں