جمعرات کو یمن کی آئینی حکومت کے معاون عرب فوجی اتحاد نے یمن کے مختلف علاقوں میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی۔ اتحادی فوج کی طرف سے مآرب اور البیضا گورنریوں میں حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا گیا۔
ادھر مغربی مآرب میں الکسارہ کے محاذ پر یمنی فوج نے حوثی ملیشیا کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا۔ یہ ڈرون شہری آبادی پرحملےکے لیے بھیجا گیا تھا۔
یمنی فوج کے شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اتحادی فوج نے مغربی مآرب میں الکسارہ اور المشجح محاذوں پر حوثی ملیشیا کی کمک اور ٹھکانوں کو فضائی بمباری میں نشانہ بنا کر انہیں تباہ کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عرب اتحادی فوج اور یمنی فورسز نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے رحبہ محاذ پرموجود ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ البیضا گورنری میں نعمان محاذ میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی گئی۔