سعودی عرب:اندرون ملک مسافر پروازیں پوری صلاحیت کے ساتھ چلانے کی اجازت
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) نے کووِڈ-19 کی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کے ساتھ اندرون ملک پروازوں کو دستیاب نشستوں کی پوری صلاحیت کے ساتھ چلانے کی اجازت دےدی ہے۔
سعودی عرب نے مئی میں پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی تھی لیکن سول ایوی ایشن نے اس وقت کہا تھا کہ مسافروں کے درمیان سماجی فاصلے کوبرقرار رکھنے کے لیے تمام درمیانی نشستیں خالی رکھی جائیں۔
اتھارٹی نے مسافروں پر زوردیا ہے کہ وہ اپنی پوری پرواز کے دوران میں چہرے پرماسک پہن کر رکھیں اور باقاعدگی سے اپنے ہاتھوں کو جراثیم کش محلول سے صاف رکھیں۔
گذشتہ ایک سال کے دوران میں سعودی عرب میں اندرون ملک سیاحت کو فروغ ملا ہے کیونکہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے مملکت نے بین الاقوامی پروازوں پرپابندی عاید کردی تھی۔بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے باوجود بہت سے سعودی شہریوں نے بیرون ملک جانے کے بجائے اندرون ملک سیاحت کے لیے سفرکا انتخاب کیا ہے۔
دریں اثناء سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ نے کروناوائرس کی ویکسین نہ لگوانے والے مسافروں کو سوار کرنے پر پابندی عاید کردی ہے اور یکم ستمبر سے ویکسین نہ لگوانے والا کوئی بھی مسافرکمپنی کی اندرون ملک پروازپرسوار نہیں ہوسکے گا۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق صرف ان مسافروں کو ایئر لائن پر پرواز کرنے کی اجازت ہوگی جنھوں نے کووڈ-19 کی منظور شدہ کسی بھی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوالی ہیں۔
سعودی ائیرلائن نے گذشتہ ہفتے ایک بیان میں کہا تھاکہ اس پابندی کا 12 سال سے کم عمر بچّوں یا صحت کی وجوہات کی بنا پر ویکسین لگوانے سے مستثنا افراد پر اطلاق نہیں ہوگا۔
سعودی عرب نے قبل ازیں 24 اگست کو 20 ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن پر عاید سفری پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔مملکت نے فروری میں کووڈ-19 کی وبا کوپھیلنے سے روکنے کی کوششوں کے تحت 20 ممالک سے تعلق رکھنے والے مکینوں کے داخلے پر پابندی عاید کردی تھی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق مملکت کے جن مکینوں نے بیرون ملک روانہ ہونے سے قبل کروناوائرس کی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوالی تھیں،انھیں واپس آنے کی اجازت دی جائے گی۔
سعودی عرب نے جن ممالک کے شہریوں پر عاید سفری پابندی ختم کی ہے،ان کے نام یہ ہیں:متحدہ عرب امارات، لبنان، مصر، بھارت، ارجنٹائن، جرمنی، امریکا، انڈونیشیا، آئرلینڈ، اٹلی، پاکستان، برازیل، پرتگال، برطانیہ، ترکی، جمہوریہ جنوبی افریقہ، سویڈن، سوئٹزرلینڈ، فرانس اور جاپان۔
دریں اثناء سعودی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ مملکت بھر میں کروناوائرس کی تین کروڑ71 لاکھ سے زیادہ خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔ملک بھر میں ویکسین لگانے کے لیے587 مراکز کام کررہے ہیں اور اس امر کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ تمام شہریوں اورمکینوں کو کووڈ-19 کی ویکسین تک آسان رسائی حاصل ہو۔
سعودی عرب میں وبا کے آغاز سے اب تک کووِڈ-19 کے مجموعی طورپر 5 لاکھ 44 ہزار 634 کیسوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔ان میں سے 533151 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اورحکام نے وائرس کا شکار 8552 مریضوں کی اموات ریکارڈ کی ہیں۔