.
کرونا وائرس

ابوظبی: ویکسین لگواکر آنے والے مسافر5 ستمبرسے قرنطینہ کی شرط سے مستثنیٰ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ابوظبی نے ویکسین لگواکر آنے والے بین الاقوامی مسافروں کو 5 ستمبر سے قرنطینہ کی شرط سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے۔

ابوظبی میڈیا آفس نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ بین الاقوامی سیاحوں کو اپنے کرونا وائرس کی ویکسین لگوانے کے سرٹی فیکیٹ کی اماراتی حکام سے تصدیق کرالینی چاہیے۔

میڈیا آفس نے ٹویٹرتھریڈ میں کہا کہ سفر روانہ ہونے سے قبل ویکسین لگوانے والے سیاحوں کو وفاقی اتھارٹی برائے شناخت اورشہریت کی ویب سائٹ یا ایپ کے ذریعے اپنے ویکسی نیشن سرٹی فیکیٹ کی تصدیق کرنی چاہیے۔

اس فیصلے کا اطلاق تمام بین الاقوامی مقامات سے آنے والے مسافروں پر ہوگا۔تاہم انھیں سفر پر روانہ ہونے سے 48 گھنٹے قبل کرائے گئےپی سی آر ٹیسٹ کا منفی نتیجہ بھی پیش کرنا ہوگا۔

میڈیا آفس نے اپنے اعلان میں مزید کہا ہے کہ ابوظبی پہنچنے پرمسافروں کو ایک اور پی سی آر ٹیسٹ کراناہوگا۔16 سال یا اس سے زیادہ عمر کے وہ تمام سیاح قرنطینہ کی ضرورت سے مستثنیٰ ہوں گے،اگرانھوں نے عالمی ادارہ صحت کی منظوری کے مطابق کووِڈ-19 کی ویکسین کی تمام مطلوبہ خوراکیں لی ہیں۔

گرین لسٹ ممالک کے مسافر

ابوظبی میں سبزفہرست (گرین لسٹ) ملک سے آنے والے شہریوں، مکینوں اورسیاحوں سمیت ویکسین لگوانے والے تمام مسافروں کو ساتویں دن پی سی آر ٹیسٹ کراناہوگا، لیکن انھیں قرنطین کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

گرین لسٹ میں شامل نہ ہونے والے ممالک سے آنے والے مسافروں کوچوتھے اورآٹھویں روز پی سی آر کے دو اضافی ٹیسٹ کرانا ہوں گے لیکن اب انھیں بھی قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہوگی۔

گرین لسٹ میں شامل ممالک سے آنے والے ویکسین نہ لگوانے والے مسافروں بہ شمول کووِڈ-19 کی ویکسین لینے سے مستثنیٰ مسافروں کوچھٹے اور نویں دن پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوں گے لیکن انھیں قرنطینہ سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے۔

دریں اثنا ابوظبی میڈیا آفس کے مطابق دیگر تمام مقامات سے آنے والے ویکسین نہ لگوانے مسافروں کو 10 دن کے لیے قرنطینہ کرنا ہوگا اور نویں دن ایک اور پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔