سعودی عرب نے حوثی ملیشیا کا خمیس مشیط کی جانب آنے والا ڈرون مارگرایا
سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے یمن سے ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے چھوڑے گئے بارود سے لدے ڈرون کو مارگرایا ہے۔
عرب اتحاد نے جمعرات کوایک بیان میں کہا ہے کہ حوثی ملیشیا نے اس ڈرون سے سعودی عرب کے جنوبی شہرخمیس مشیط کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔
اس نےمزید کہاہےکہ ’’حوثی ملیشیا نے سعودی عرب میں شہریوں کو ہدف بنانے کی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ہم شہریوں اور شہری ڈھانچا کوان کے معاندانہ حملوں سے بچانے کے لیے آپریشنل اقدامات کررہے ہیں۔‘‘
حوثی ملیشیا نے خمیس مشیط کی جانب گذشتہ 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں یہ دوسرا ڈرون حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔عرب اتحادنے گذشتہ روز حوثیوں کے ڈرون کو فضا ہی میں ناکارہ بنا دیا تھا۔
ایران کے حمایت یافتہ حوثی جنگجو سعودی عرب اور یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی عمل داری والے علاقوں پر آئے دن ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں سے حملے کرتے رہتے ہیں۔ایران یمن میں حوثی جنگجوؤں کو ہتھیار،ڈرونز اور دوسرے فوجی آلات مہیا کررہا ہے اور انھیں عسکری تربیت بھی دے رہا ہے۔