طالبان وادیِ پنج شیرپرقبضے کے لیے جنگ آزما؛پاکستان کے انٹیلی جنس چیف کابل میں!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

افغانستان کے شمالی صوبہ وادیِ پنج شیرپرقبضے کے لیے طالبان اورحزب اختلاف کی فورسز کے درمیان گھمسان کی لڑائی کی اطلاعات ملی ہیں جبکہ پاکستان کے طاقتور سراغرساں ادارے انٹرسروسزانٹیلی جنس کے سربراہ لیفیٹننٹ جنرل فیض حمید ہفتے کے روز کابل پہنچے ہیں۔

طالبان ذرائع نے جمعہ کے روزدعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے وادی پر قبضہ کرلیا ہے جبکہ احمد مسعود کے زیرقیادت مزاحمتی فورسز نے اس کی تردید کی تھی۔البتہ خود طالبان نے اب تک وادی پنج شیر پر قبضے سے متعلق کوئی سرکاری اعلان جاری نہیں کیا ہے۔

Advertisement

یہ وادی1996سے2001ء تک طالبان کی پہلی حکومت میں بھی ان کی عمل داری سے باہر رہی تھی اوراحمد مسعود کے والد احمدشاہ مسعودکی وفادار فورسز نے ان کی بھرپور مزاحمت کی تھی اور پھر امریکا کی قیادت میں عالمی اتحاد کی مسلح افواج کی جنگی مہم کے بعد طالبان کی حکومت ہی ختم ہوگئی تھی۔

قومی مزاحمتی محاذ کے ترجمان فہیم دشتی نے کہا کہ طالبان کے جنگجو صوبہ کاپیسا اور پنج شیر کے درمیان سرحد پر دربندکی بلندیوں پرپہنچ گئے تھے لیکن انہیں پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔

طالبان کے ایک ذرائع نے بتایا کہ پنج شیرمیں لڑائی جاری ہے لیکن دارالحکومت بازارک اورصوبائی گورنرکے دفتر کی جانب جانے والی شاہراہ پر نصب بارودی سرنگوں کی وجہ سے پیش رفت سست ہوگئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ بارودی سرنگیں صاف کی جارہی ہیں اور جارحانہ کارروائیاں دونوں ایک ہی وقت میں جاری ہیں۔

قبل ازیں جمعہ کے روز طالبان کے پنج شیر پر قبضے کی اطلاعات ملنے کے بعد کابل میں لوگوں نے ہوائی فائرنگ شروع کردی تھی جس کے نتیجے 17 افراد ہلاک اور 41 زخمی ہوگئے ہیں۔

دریں اثنا آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی ہفتے کے روز کابل میں موجودگی کی اطلاعات ملی ہیں۔ یہ واضح نہیں کہ ان کے دورے کا ایجنڈا کیا ہے لیکن پاکستان کے ایک سینئرعہدیدار نے کہا تھا کہ وہ دورے میں طالبان کو افغان فوج کی تنظیم نومیں مدد دینے کی پیش کش کرسکتے ہیں۔رواں ماہ طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد تجزیہ کاروں نے کہا تھا کہ افغانستان میں پاکستان کا کردار بہت بڑھ جائے گا۔

تاہم حکومتِ پاکستان کا کہناہےکہ اس کا طالبان تحریک پر اثرورسوخ کم ہو گیا ہے، خاص طور پر جب سے واشنگٹن نے امریکی اور دیگرغیرملکی فوجیوں کے مکمل انخلا کی تاریخ کا اعلان کیاتھا تو طالبان کا اعتماد بڑھ گیا اور تمام غیرملکی فورسزکی 31 اگست کو انخلا مکمل ہونے کے بعد تو وہ زیادہ خودمکتفی دکھائی دے رہے ہیں۔البتہ وہ دوسرے ممالک سے ملک کی تعمیرنو کی ضمن میں مدد کے خواہاں ہیں۔

اقوام متحدہ نے 13 ستمبر کو جنیوا میں افغانستان سے متعلق ایک بین الاقوامی امدادی کانفرنس بلانے کا اعلان کیا ہے۔اس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے بہ قول’’منڈلاتی انسانی تباہی‘‘کو ٹالنے کے لیے امدادی سرگرمیوں پر غور کیا جائے گا۔

مغربی طاقتوں کا کہناہے کہ وہ طالبان کے ساتھ تعلقات کار اورانسانی امداد بھیجنے کو تیار ہیں لیکن ان کی حکومت کوباضابطہ طور پ تسلیم کرنے اور وسیع تراقتصادی امداد کاانحصارانسانی حقوق کے تحفظ کے لیے صرف وعدوں پرنہیں بلکہ اقدامات پر ہوگا۔

مقبول خبریں اہم خبریں