حوثی ملیشیا کے سعودی عرب کی جانب داغے بارود سے لدے تین ڈرون اورایک بیلسٹک میزائل تباہ
عرب اتحاد نے یمن سے ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے سعودی عرب کی جانب ہفتے کی شام چھوڑے گئے بارود سے لدے تین ڈرون تباہ کردیے ہیں۔عرب اتحاد کے فضائی دفاعی نظام نے ایک اور جوابی کارروائی میں حوثی ملیشیا کے داغے ایک بیلسٹک میزائل کو بھی تباہ کردیا ہے۔
عرب اتحادنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بیلسٹک میزائل سے سعودی عرب کے مشرقی صوبہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔
اس نے مزید کہا ہے کہ ’’حوثی ملیشیا جان بوجھ کرسعودی شہریوں اور شہری ڈھانچے کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ہم شہریوں کو ان معاندانہ حملوں سے تحفظ مہیا کرنے کے لیے اس طرح لاحق خطرات سے بھرپور طریقے سے نمٹ رہے ہیں۔‘‘
حوثی جنگجو سعودی عرب اور یمن کی بین الاقوامی سطح پرتسلیم شدہ حکومت کی عمل داری والے علاقوں پر کم وبیش روزانہ ہی ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں سے حملے کررہے ہیں۔ایران یمن میں حوثی جنگجوؤں کو ہتھیار،ڈرونز اور دوسرے فوجی آلات مہیا کررہا ہے اور انھیں عسکری تربیت بھی دے رہا ہے۔
سعودی عرب کی حمایت یافتہ یمن کی قانونی حکومت حالیہ مہینوں میں متعدد مرتبہ حوثی باغیوں کوبحران کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی پیش کش کرچکی ہیں لیکن وہ اس لڑائی کے پُرامن ذرائع سے خاتمے میں سنجیدہ نہیں اور راہِ فرار اختیار کررہے ہیں۔انھوں نے یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی سے بھی ملاقات سے انکار کردیا تھا اور سعودی عرب کے مارچ میں جنگ بندی کے لیے پیش کردہ امن اقدام کا کوئی مثبت جواب نہیں دیا تھا۔