.

عرب اتحاد نےحوثیوں کے تین بمبار ڈرون تباہ کرنے کی ویڈیو جاری کردی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں آئینی حکومت کے دفاع میں سرگرم عرب عسکری اتحاد نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی طرف سے سعودی عرب پر حملوں کے لیے بھیجے گئے تین بمبار ڈرون طیاروں کو مار گرانے کی ویڈیو جاری کی ہے۔

سعودی عرب کی وزارتِ دفاع کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کی صبح کو ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب پر تین بیلسٹک میزائل داغے جنہیں فضا ہی میں تباہ کردیا گیا۔ اس کارروائی میں دو بچے زخمی ہوئے جب کہ 14 گھروں کو نقصان پہنچا۔ سعودی عرب کے محکمہ دفاع نے بیلسٹک میزائل اور حوثیوں کے ڈرون طیاروں کو جوابی کارروائی میں تباہ کردیا۔

سعودی عرب کی وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ سعودی فضائی دفاع نے حوثی ملیشیا کے مملکت کی طرف داغے تین بیلسٹک میزائل اور تین ڈرون طیارے تباہ کر دیئے۔ یہ ڈرون اور میزائل سعودی عرب کے مشرقی علاقوں جازان اور نجران کی طرف داغے گئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی فضائی دفاع نے ہفتے کی شام حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب کے مشرقی علاقے کو نشانہ بنانے کے لیے داغا ایک بیلسٹک میزائل تباہ کر دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بیلسٹک میزائل کو تباہ کرنے کے آپریشن کے دوران دمام کالونی میں میزائل کے ٹکڑے گرنے سے ایک بچی اورایک بچہ معمولی زخمی ہوئے جب کہ چودہ گھروں کو نقصان پہنچا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی طرف سے سعودی عرب میں شہری آبادی کو نشانہ بنا کر بنیادی انسانی حقوق کی عالمی اقدار کو کھلے عام پامال کیا جا رہا ہے۔