.
کرونا وائرس

کووِڈ-19:سعودی شہریوں کو8 ستمبر سے یواے ای، جنوبی افریقا اورارجنٹائن کے سفرکی اجازت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے کووِڈ-19 کے تعلق سے تین ممالک کے سفر پرعاید پابندی ختم کردی ہے۔اب سعودی شہریوں کو مملکت اور متحدہ عرب امارات، ارجنٹائن اور جنوبی افریقا کے درمیان 8 ستمبر سے سفرکی اجازت دے دی گئی ہے۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے منگل کے روز بتایا ہے کہ مقامی اور عالمی سطح پرکرونا وائرس کے وبائی مرض کی صورت حال کی مسلسل نگرانی کی بنیاد پر ڈی لسٹ ممالک سے برّی، بحری گذرگاہوں اور ہوائی اڈوں کے ذریعے مملکت میں داخلے کی معطلی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس فیصلے کے تحت سعودی شہریوں کو مذکورہ تینوں ممالک کا سفر دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔وہ اب وہاں جا اور آ سکتے ہیں۔تاہم سعودی وزارت داخلہ نے کرونا وائرس اور اس کی متغیّر شکلوں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات پرعمل کرنے پرزوردیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ نے ان تینوں ممالک کا سفرکرنے کے خواہش مند شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مجازسفر کے دوران میں محتاط رہیں اوران علاقوں سے دور رہیں جہاں وائرس پھیل رہا ہے اور اپنی منزل سے قطع نظر تمام احتیاطی تدابیر پرعمل کریں۔