فلسطینی شہروں میں آج جمعے کے روز اسرائیل کے خلاف ’یومِ غضب‘ منایا جا رہا ہے۔ اس دن کو منانے کی کال فلسطینی گروپوں کی جانب سے دی گئی۔ یوم غضب کا مقصد اسرائیلی جیلوں میں قیدیوں کے خلاف مرتکب سنگین خلاف ورزیوں پر احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔
اسرائیل کی متعدد جیلوں میں قیدیوں اور پہرے داروں کے بیچ شدید جھڑپیں دیکھنے میں آئی ہیں۔ یہ صورت حال ایک اسرائیلی جیل سے چھ فلسطینی قیدیوں کے فرار ہونے کے بعد محکمہ جیل کی جانب سے عائد نئی پابندیوں کے سبب پیدا ہوئی۔
اسرائیلی انٹیلی جنس کے تازہ ترین اندازے کے مطابق فرار ہونے والے متعدد قیدی مغربی کنارے میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اسرائیلی اخبار ہآرٹز نے انٹلی جنس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان قیدیوں کو گرفتار کرنے کے واسطے مغربی کنارے کے شہروں کے وسط میں داخل ہونے کے نتیجے میں ان قیدیوں کے تحفظ کی کوشش کرنے والے مسلح عناصر کے ساتھ معرکہ آرائی ہو گی۔
اسرائیلی انٹیلی جنس کے مطابق بالآخر ان چھ قیدیوں کو پکڑ لیا جائے گا۔ البتہ اسرائیلی سیکورٹی اداروں کو اندیشہ ہے کہ دوبارہ گرفتاری کی کوشش کے دوران میں اگر مذکورہ قیدی ہلاک ہو گئے تو غزہ میں اسرائیلی گروپوں کی جانب سے اسرائیل کی سمت راکٹ داغے جا سکتے ہیں۔
اسرائیلی پولیس اور فوج کے اسپیشل یونٹس انتہائی چوکنا حالت میں ہیں۔ خیال ہے کہ قابض اسرائیلی حکام کے ساتھ مذاکرات کی خاطر متعدد قیدیوں کی جانب سے اسرائیلیوں کو یرغمال بنایا جا سکتا ہے۔