سعودی عرب کےکووِڈ-19ویکسین تیارکرنےوالی فائزراورآسٹرازینیکاسے دوطرفہ تعاون کے سمجھوتے
سعودی عرب نے کووِڈ-19 کی ویکسین تیار کرنے والی دو فرموں فائزر اور آسٹرازینیکا سے مفاہمت کی دویادداشتوں پر دست خط کیےہیں۔ان کے تحت سعودی عرب میں طبی تحقیق میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔
سعودی عرب کی وزارت برائے سرمایہ کاری نے وزارت برائے نیشنل گارڈ امورِصحت سے شراکت داری سے برطانوی-سویڈش دواسازکمپنی آسٹرازینیکا کے ساتھ ایک سمجھوتے پر دست خط کیے ہیں۔اس کے تحت مملکت بھر میں عالمی معیار کے کلینیکی ریسرچ مراکز قائم کیے جائیں گے۔
سعودی عرب کے وزیرسرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا ہے کہ اس سمجھوتے سے بائیوٹیکنالوجی کی مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
سعودی عرب کی وزارت برائے نیشنل گارڈ امورِصحت کے تحت شاہ عبداللہ انٹرنیشنل میڈیکل ریسرچ سنٹر نے امریکی دواساز فرم فائزر کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دست خط کیے ہیں۔اس کے تحت ویکسینوں کی تحقیق اور تیاری کے لیے ایک پلیٹ فارم قائم کیا جائے گا تاکہ اس کے ذریعے صحتِ عامہ کی علاقائی اور قومی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔
ان سمجھوتوں پر الریاض عالمی میڈیکل بائیوٹیکنالوجی کانفرنس2021ء کے موقع پردست خط کیے گئے ہیں۔سعودی دارالحکومت میں یہ کانفرنس منگل کو شروع ہوئی تھی اور یہ جمعرات 16 ستمبر تک جاری رہے گی۔
اس کانفرنس میں دنیا بھر سے بائیومیڈیکل اور صحت کے تحقیقی ماہرین کے علاوہ دواسازی اور بائیوٹیکنالوجی کی صنعت سے وابستہ ماہرین شرکت کررہے ہیں۔وہ طبّی مسائل کے حل میں بائیوٹیکنالوجی کے کردارپربحث ومباحثہ کررہے ہیں۔