.

عرب اتحادنے ابھا ہوائی اڈے کی جانب آنے والاحوثیوں کا بارود سے لدا ڈرون تباہ کردیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے ایک مرتبہ پھر سعودی عرب کے شہر ابھا میں واقع بین الاقوامی ہوائی اڈے کوبارود سے لدے ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے جبکہ سعودی عرب کی شاہی فضائیہ نے یمن سے چھوڑا گیا حوثی ملیشیا کا بارود سے لدا یہ ڈرون بروقت کارروائی کرکے تباہ کردیا ہے۔

عرب اتحاد نے بدھ کو ایک بیان میں حوثیوں کے اس ڈرون حملے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ’’ہم حوثیوں کے اس طرح کے معاندانہ حملوں سے سعودی عرب میں شہریوں اور شہری اہداف کو بچانے کے لیے آپریشنل اقدامات کررہے ہیں۔‘‘

حوثی ملیشیا نے حالیہ مہینوں میں یمن کے شمال سے سعودی عرب کے جنوبی شہروں اور علاقوں کی جانب بارود سے لدے متعدد ڈرونز چھوڑے ہیں اور میزائل داغے ہیں۔عرب اتحاد ان ڈرون حملوں کے بروقت تدارک اور ان سے شہریوں اور شہری ڈھانچے کو بچانے کے لیے دفاعی اقدامات کررہا ہے۔

عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ’’دہشت گرد حوثی ملیشیا اور اس کی پشت پناہ قوتوں نے شہریوں اور شہری اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے جرائم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ دہشت گردی کی یہ کارروائیاں بین الاقوامی انسانی قانون کی ننگی خلاف ورزی اورانسانی اقدار کے صریحاً منافی ہیں اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں۔‘‘

ایران اپنے آلہ کارحوثیوں کو ان کی یمن کی بین الاقوامی سطح پرتسلیم شدہ حکومت کی عمل داری والے علاقوں اور سعودی عرب کے شہروں اور شہری تنصیبات پر حملوں کے لیے ہتھیار، ڈرونز اور بیلسٹک میزائل مہیّا کررہا ہے۔