.

سفاک شوہر نے بیوی کوبچوں کے سامنے زندہ جلا کرموت کی نیند سلا دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اردن میں ایک سفاک شوہرنے اپنی بیوی کو بچوں کے سامنے تیل چھڑک کرآگ لگائی اور اسے زندہ جلا کرموت کےگھاٹ اتار دیا۔ اس واقعے کے سامنے آنے کے بعد ملک بھرمیں شدید غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور مقتولہ کے لواحقین نے قاتل کو عبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اردن میں پیش آنے والے اس بے رحمانہ قتل کے واقعے کے بعد پورا ملک صدمے سے دوچار ہے۔ ملزم نے بیوی کو تین بچوں کے سامنے مبینہ طورپر تیل چھڑک کر آگ لگائی جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر"ویمن موومنٹ ان اردن" پیج نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے اس خوفناک جرم کے بارے میں معلومات جاری کی ہیں۔ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ 51 سالہ شوہر نے اپنی 28 سالہ بیوی ھیفا ابو ھانی کو تیل چھڑک کرآگ لگائی۔

بچوں کے سامنے قتل

ویمن موومنٹ نے وضاحت کی کہ یہ مجرمانہ واقعہ ایک ہفتہ قبل اس وقت پیش آیا جب ھیفا کے شوہر نے اس پر مٹی کا تیل ڈالا اور پھر اسے آگ لگا دی۔ اس کے بعد اسے طبی امداد کی فراہمی میں بھی رکاوٹ ڈالی اور ایمبولینس کو نہیں پہنچنے دیا۔ بہت زیادہ جلھس جانے کے بعد اسے دارالحکومت عمان کے البشیر اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔

پیج نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ متاثرہ خاتون کو اس کے شوہر نے آگ لگانے سے قبل بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنایا۔

موت سے قبل خاتون کی فیس بک پوسٹ

زندہ جلائی گئی خاتون نے اپنی موت سے چند گھنٹے قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ شائع کی جس میں اس نے کہا تھا کہ ’ حسبي الله ونعم الوكيل ، میں نے سوچا تھا کی زندگی بدل گئی ہے مگر زندگی تو ختم ہوگئی ہے‘۔

العربیہ کو دیے گئے ایک بیان میں مقتولہ کی والدہ نے مطالبہ کیا کہ اس کی بیٹی کے قاتل اس کے شوہر کو سخت ترین سزا دی جائے جبکہ ھیفا کے والد نے بتایا کہ مجرم ایک قسم کی منشیات استعمال کرتا ہے۔

لواحقین کا مجرم کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ

مقتولہ خاتون خاندان نے بتایا کہ ان کی بیٹی نے اسے منشیات چھوڑنے پر آمادہ کرنے کی بہت کوشش کی مگر کوئی فائدہ نہ ہوا تو اس نے پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس نے اسے منشیات کے استعمال کے الزام میں گرفتار کیا اور جیل کی سزا دی۔ رہائی پانے کے بعد اس نے بیوی پر تشدد شروع کردیا۔

والدہ نے مزید کہا کہ قاتل اس کی بیٹی کو تشدد اور مار پیٹ کر رہا تھا۔ جرم کے دن ان کے درمیان بڑا جھگڑا ہوا جس کے بعد اس نے بیوی کو زندہ جلا دیا۔ اسے طبی امداد کی فراہمی میں بھی رکاوٹ ڈالی جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔ انہوں نے مجرم کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔