.
کرونا وائرس

بھارت :گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 30,773 نئے کیسوں کی تشخیص

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بھارت نے اتوار کے روز گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں کرونا وائرس کے 30,773 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے۔اب بھارت میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسوں کی تعداد تین کروڑ 34 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

بھارت کی وزارتِ صحت نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں کووِڈ-19 کا شکار ہونے والے مزید 309 مریض ہلاک ہوگئے ہیں اور اب ملک میں ہلاکتوں کی کل تعداد 4 لاکھ 44 ہزار 838 ہوگئی ہے۔

بھارت کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافے کے باوجود اپنی سرحدیں غیرملکی سیاحوں کے لیے دوبارہ کھولنا چاہتا ہے۔

وزیراعظم نریندرمودی نے ہفتہ کے روز ایک بیان میں کہا کہ بھارت آبادی کے تحفظ اور سیاحوں کا خیرمقدم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

مودی نے ویڈیو کے ذریعے سیاحتی ریاست گوا میں محکمہ صحت کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ویکسی نیشن مہم نہ صرف تحفظ صحت کااحاطہ کرتی ہے بلکہ یہ روزی روٹی کے لیے بھی حفاظتی ڈھال ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے بہت کم بات ہوئی ہے لیکن بھارت نے ان ریاستوں میں اپنے ویکسی نیشن پروگرام کونمایاں ترجیح دی ہے جن کی معیشتیں سیاحت کے شعبے سے چلتی ہیں۔

واضح رہے کہ اب تک بھارت میں ویکسین کی 80 کروڑ 43 لاکھ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔ملک کی کل آبادی ایک ارب 30 کروڑ نفوس پر مشتمل ہے۔