.

سعودی وزیرخارجہ کا بھارتی وزیراعظم سے دوطرفہ تعلقات اورعلاقائی امورپرتبادلہ خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اوراہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق شہزادہ فیصل نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کاوزیراعظم مودی اور بھارتی عوام کے نام نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ہے۔

وزیرخارجہ اور نریندرمودی نے سعودی عرب اور بھارت کے درمیان تاریخی اور ٹھوس تعلقات کا جائزہ لیا اورانھیں دونوں ملکوں اور ان کے عوام کے بہترین مفاد میں مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

بیان کے مطابق انھوں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پربھی بات چیت کی ہے اورخطے ودنیا بھر میں امن وسلامتی کے فروغ کے طریقوں پر غور کیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نے سعودی عرب کی قیادت کے کرہ ارض کے تحفظ کے لیے کردار اور اقدامات کو سراہا ہے۔انھوں نے بالخصوص ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے جاری کردہ سعودی سبزاقدام اور مشرقِ اوسط سبزاقدام کی تعریف کی ہے۔

انھوں نے دونوں دوست ممالک کے درمیان سعودی عرب کے ویژن 2030ء کی روشنی میں اقتصادی شراکت داری کو مستحکم بنانے کے طریقوں کے علاوہ باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی ہے۔