.

یو اے ای کی کابینہ میں ردوبدل؛حاکمِ دبئی کے صاحبزادے نئے وزیرخزانہ مقرر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کی نئی کابینہ میں دبئی کے نائب حکمران شیخ مکتوم بن محمد بن راشد کو وزارت خزانہ کا قلم دان سونپا گیا ہے۔ وہ دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے صاحب زادے ہیں۔

یواے ای کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد نے ہفتے کے روزکابینہ میں ردوبدل اور مختلف وزارتوں کی تشکیل نو کو اعلان کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت کا کام اب ’تبدیلی لانے والے بڑے منصوبوں پر مرکوز ہوگا اوروہ صرف طویل مدتی تزویراتی منصوبوں ہی پرتوجہ مرکوز نہیں کرے گی۔‘‘

شیخ محمد نے مزید کہا کہ ’’کام کو گذشتہ ادوار کے برعکس چھے ماہ سے دو سال کے مراحل میں ترتیب دیا جائے گا۔یہی سرکاری کام پہلے پانچ سے دس سال تک کی مدت میں پایہ تکمیل کو پہنچتے تھے۔‘‘

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ستمبر کے اوائل میں ملک کوکاروباری اور مالیاتی مرکز کے طور پر تبدیل کرنے کے منصوبوں کا خاکا پیش کیا تھا۔اس نےغیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے نئی ویزا اسکیمیں متعارف کرائی تھیں،مختلف ترغیبات کا اعلان کیا تھا اوردنیا کی بڑی معیشتوں کے ساتھ شراکت داری کے منصوبے طے کیے تھے۔

یواے ای کی اعلان کردہ نئی کابینہ میں اب محمد ہادی الحسینی وزیرمملکت برائے مالیاتی امور بن گئے ہیں، مریم المہیری وزی مملکت برائے ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی ہوں گی۔ وہ اس کے ساتھ خوراک اور تحفظ آب کی وزیر مملکت کے طور پراپنا کردار جاری رکھیں گی۔عبداللہ بن سلطان النعیمی کو وزارت انصاف کا قلم دان سونپا گیا ہے۔عبدالرحمٰن آل اوار’انسانی وسائل اورامارتیانے‘کے وزیربن گئے ہیں اورعبداللہ القطبی وفاقی سپریم کونسل کے امور کے وزیر ہوں گے۔