پاسداران انقلاب نے ایرانی ساختہ میزائل دیر الزور سے الرقہ منتقل کردیے
گذشتہ گھنٹوں کے دوران ایرانی پاسداران انقلاب کی وفادار ملیشیا نے ایرانی ساختہ "برکان H2" میزائلوں کی بڑی تعداد مشرقی دیر الزور کے آثار قدیمہ کے علاقے المیادین کے نواحی مقام الشبلی سے دیر الزور منتقل کی گئی ہے۔
میزائلوں کی منتقلی کا عمل سخت ترین سیکیورٹی میں مکمل کیا گیا۔ میزائل ٹرکوں پران راستوں سے لے جائے گئے جہاں پرایرانی حمایت یافتہ ملیشیاؤں کے زیرکنٹرول چوکیاں قائم ہیں۔ یہ میزائل الرقہ میں معدان کے مقام پر قائم کردہ گوداموں میں لے جائے گئے ہیں۔
سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے ذرائع کے مطابق اس آپریشن کی وجوہات کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ اسلحہ کی ایک سے دوسرے مقام پر منتقلی کے کئی اسباب ہوسکتے ہیں۔ ان میں ایک سبب اتحادی فوج کی طرف سے ممکنہ حملے یا اسرائیل کی طرف سے فضائی بمباری بھی ہوسکتی ہے۔
سیریئن آبزرویٹری نے رواں ماہ کے اوائل میں اطلاع دی تھی کہ عراق اور شام کی سرحد پر البوکمال کے مقام پر بمباری کے نتیجے میں عراقی "الحشد الشعبی " ملیشیا سے 3 جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔ اس کارروائی میں اسلحہ لے جانے والے تین ٹرکوں کونشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں اسلحہ اور گولہ بارود کی بھاری مقدار بھی تباہ ہوگئی تھی۔
سیریئن آبزرویٹری نے گذشتہ جولائی کی پانچ تاریخ کو بتایا تھا کہ عراقی الحشد ملیشیا اور ایرانی پاسداران انقلاب نےمشرقی دیر الزور میں واقع قدیم الرحبہ قلعے کے اندر سے ایرانی ساختہ میزائلوں کی بڑی تعداد نکالی اور اسے متبادل مقامات پر لے جایا گیا۔