بحرین کی حکومت نے یکم جنوری 2022 سے نافذالعمل ہونے والے اضافی قدری ٹیکس (ویلیوایڈڈ ٹیکس) میں ترمیم کی منظوری کے لیے باضابطہ طورپرایک مجوزہ مسودہ پارلیمان کو بھیج دیا ہے۔
بحرین نیوزایجنسی (بی این اے) کے مطابق حکومت نے ویلیوایڈڈ ٹیکس کے قانون کی کچھ شقوں میں ترمیم کے لیے مسودۂ قانون کو قانون سازاتھارٹی کے سپردکرنے کی منظوری دی ہے۔اس میں یکم جنوری 2022ء سے وی اے ٹی کی شرح میں ترمیم تجویز کی گئی ہے۔
رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا بحرینی حکومت وی اے ٹی میں اضافہ کرے گی یا کم کرے گی، فی الحال اس کی شرح 5 فی صد ہے۔
تاہم اتوار کے روزمتعدد مقامی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ بحرین حکومت ریاستی محاصل کو بڑھانے اور اپنے بجٹ خسارے کو کم کرنے کے لیے ویلیوایڈڈ ٹیکس کو دُگنا کرکے 10 فی صد کرنے پرغور کررہی ہے۔
بحرین کے پارلیمانی ذرائع اورحکومت کے قریبی ذرائع نے وی اے ٹی میں دس فی صد تک اضافے سے متعلق مقامی ذرائع ابلاغ کی خبروں کی تصدیق کی ہے۔