ابوظبی:ویکسین لگوانے کی شرح کی بنیاد پراسکولوں کومرحلہ واردوبارہ کھولنے کا اعلان
متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی نے ویکسین لگوانے کی شرح کی بنیاد پراسکولوں کو دوبارہ کھولنے کے لیے ایک نیا مرحلہ وارنظام شروع کیا ہے۔
ابوظبی کے میڈیا دفتر(اے ڈی ایم او) نے منگل کو خبر دی ہےکہ ایمرجنسی،کرائسس اورڈیزاسٹرزکمیٹی نے امارت میں اسکولوں کوکرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذالعمل اقدامات میں نرمی اور ویکسی نیشن کی شرح کی بنیاد پرمعمول کی تدریسی سرگرمیوں میں واپسی کے لیے ’بلیواسکول اقدام‘کی منظوری دی ہے۔
نیلا اسکول اقدام پر موجودہ تعلیمی سال کی دوسری مدت میں عمل درآمد کیا جائے گا۔اس کے تحت جن اسکولوں میں طلبہ اور عملہ کو ویکسین لگانے کی شرح زیادہ ہوگی،انھیں بتدریج اقدامات میں نرمی کی اجازت دی جائے گی۔
نئے اقدامات میں سماجی فاصلے کے تقاضے کی پاسداری میں کمی، ماسک پہننے کے پروٹوکول میں نرمی،کمرۂ جماعت اور اسکول ٹرانسپورٹ کی طلبہ کی گنجائش میں اضافہ اورغیر نصابی سرگرمیوں کی طرف واپسی اور میدانی دورے شامل ہوں گے۔
ابوظبی کے میڈیا دفتر کے مطابق اس اقدام میں ویکسی نیشن کو’’بحالی کا کلیدی راستہ‘‘قرار دیا گیا ہے۔شفافیت پرمکررزوردیا گیا ہے اور اسکول میں طلبہ کے سیکھنے اور سماجی تجربے کی اہمیت کوتسلیم کیا گیا ہے۔
نئے اقدام کے تحت اسکولوں کو درج ذیل زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے:
- 50فی صدسے کم طلبہ کو ویکسین لگانے والے اسکول اورنج زمرے میں شامل ہوں گے۔
- 50سے 60 فی صد طلبہ کوویکسین لگانے والے اسکول پیلے زمرے میں آئیں گے۔
- 65سے 84 فی صد طلبہ کوویکسین لگانے والے اسکولوں کے لیےگرین۔
- 85 فی صد اوراس سے زیادہ طلبہ کو ویکسین لگانے والے اسکولوں کا درجہ سب سے بلند یعنی نیلا ہوگا۔
میڈیا دفاترنے کہا کہ بچّے ابوظبی بھر میں قائم بہت سے مراکز میں کووِڈ-19 کی ویکسین مفت لگواسکتے ہیں۔ان میں اے ڈی این ای سی میں بچّوں کے لیے وقف ویکسی نیشن سنٹر بھی شامل ہے۔
اس نے مزید بتایا ہے کہ فائزر۔بائیواین ٹیک کی ویکسین 12 سال یا اس سے زیادہ عمرکے بچّوں کے لیے دستیاب ہےاورسائنوفارم ویکسین 3 سال یا اس سے زیادہ عمرکے بچّوں کے لیے دستیاب ہے۔