.

یواے ای نے کووِڈ-19 کے بحران پرقابوپالیا،معمولاتِ زندگی بحال ہورہے ہیں: ولی عہدابوظبی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کی وَبا پر قابو پا لیا ہے اور اب زندگی معمول کی جانب لوٹ رہی ہے۔

یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں شیخ محمد نے کہا ہے کہ ’’ہم نے کووِڈ-19 کے بحران پر قابو پالیا ہے۔ہم نے اس تجربے سے بہت سے سبق سیکھے ہیں۔یواے ای میں معمولاتِ زندگی بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں،اس پر ہم اللہ تعالیٰ کے شکرگزار ہیں۔‘‘

یواے ای میں اگست کے بعد سے کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں تیزی سے کمی واقع ہوئی ہے۔منگل کے روز یو اے ای کی وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کروناوائرس کے صرف 176 نئے کیسوں کی اطلاع دی تھی۔گذشتہ ایک سال کے دوران میں ایک دن میں پہلی مرتبہ کرونا وائرس کے اتنی کم تعداد میں کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

یواے ای نے 22 ستمبر کو بعض علاقوں کے لیے لازمی ماسک پہننے کے ضابطے میں بھی نرمی کردی تھی۔امارت ابوظبی نے گذشتہ روز ہی طلبہ کو کرونا وائرس کی ویکسین لگوانے کی شرح کی بنیاد پراسکولوں کو مرحلہ وار دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

دبئی میں گذشتہ جمعہ کو عالمی نمائش 2020ء کا آغاز ہوچکا ہے اوردنیا بھر سے زائرین اس نمائش کو دیکھنے کے لیے آرہے ہیں اورآیندہ چھے ماہ کے دوران میں مزیدہزاروں لاکھوں زائرین بھی آئیں گے۔واضح رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے یو اے ای اور بالخصوص دبئی کی معیشت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے لیکن اب یہ بتدریج بحالی کی جانب گامزن ہے۔