امریکی نائب وزیرخارجہ اگلے ہفتے لبنان، روس اور برطانیہ کا دورہ کریں گی
امریکا کی نائب وزیرخارجہ وکٹوریانولینڈ آیندہ ہفتے لبنان کا دورہ کریں گی۔وہ امریکی محکمہ خارجہ کی تیسری بڑی عہدہ دار ہیں جو معاشی بحران کا شکار ملک کے دورے پر آرہی ہیں۔
محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انڈرسیکرٹری آف اسٹیٹ وکٹوریا نولینڈ بیروت جائیں گی۔پھر وہ لندن جانے سے قبل روس کےدارالحکومت ماسکو جائیں گی۔
العربیہ انگلش نے قبل ازیں نولینڈ کے اس دورے کی خبر دی تھی۔بائیڈن انتظامیہ کے توانائی کے خصوصی مشیرآموس ہوچسٹائن بھی اس دورے میں ان کے ہم راہ ہوں گے۔
لیکن محکمہ خارجہ کے بیان میں ہوچسٹائن کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔البتہ اس نے العربیہ انگلش کو بتایا کہ اسرائیلی نژادسفارت کار اب لبنان اور اسرائیل کے درمیان سمندری سرحدی تنازع پرمذاکرات میں ثالث کار کا کردار ادا کریں گے۔
بیروت میں وکٹوریا نولینڈ لبنان کی سول سوسائٹی لبنانی نمائندوں اور حکومتی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گی۔وہ لبنان میں اقتصادی اصلاحات اور اگلے سال انتخابات کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گی۔