.

دبئی پولیس کی خطے میں منشیات کے خلاف بڑی کارروائی؛500 کلوگرام کوکین پرقبضہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دبئی میں پولیس نے 500 کلوگرام کوکین اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔اس کی مالیت 13۰6 کروڑڈالر (50 کروڑ اماراتی درہم) سےزیادہ بتائی جاتی ہے۔پولیس فورس کا کہنا ہے کہ یہ خطے میں منشیات کے خلاف ایک بڑی کارروائی ہے۔

پولیس نے اس کارروائی میں جرائم کے ایک بین الاقوامی سنڈیکیٹ کے رکن دلال کوگرفتار کر لیا ہے۔منشیات کی یہ بھاری مقدارایک مال بردار کنٹینر کے پینل کے اندرچھپائی گئی تھی اور اس کی دبئی کی بندرگاہ آمد کے بارے میں پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی۔

پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ کو ناکام بنانے کی اس کارروائی کو"آپریشن بچھو" کا نام دیا ہے۔ اس مشتبہ شخص نے کوکین والے کنٹینر کو ایک اور امارت کے گودام میں پہنچادیا تھا۔

اس کے بعد اس شخص کو گرائنڈرسمیت بجلی کے اوزار خریدتے ہوئے دیکھا گیا تھا جس کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ وہ کنٹینر کے خانوں میں چھپائی گئی منشیات کو نکالنے کے لیےان اوزاروں کواستعمال کرنا چاہتا تھا۔

دبئی پولیس کے فیس بک پیج پر ایک بیان میں انسداد منشیات کے جنرل ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کرنل خالد بن معیز نے کہا ہے کہ پولیس نے گودام پرچھاپہ مارا اوراس مشتبہ شخص کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر منشیات قبضے میں لے لی ہے۔

دبئی پولیس نے اس شخص کی شناخت ظاہرنہیں کی لیکن یہ بتایا ہےکہ اس کا تعلق مشرقِ اوسط سے ہے۔

واضح رہے کہ ستمبر کے اوائل میں ابوظبی پولیس نے سوشل میڈیا پر پیغامات کی نگرانی کے بعد منشیات کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی تھی اور 815 کلوگرام منشیات ضبط کر لی تھی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ڈیلرز اپنی خدمات کو فروغ دینے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کر رہے ہیں اور وہ اپنے ممکنہ گاہکوں کو یہ پیش کش کررہے ہیں کہ وہ متحدہ عرب امارات بھر میں کہیں بھی منشیات پہنچا سکتے ہیں۔