.

یمن :مآرب کے جنوب میں عرب اتحاد کے فضائی حملوں میں 300 حوثی جنگجو ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں عرب اتحاد کے مآرب کے جنوب میں واقع علاقے العبدیہ میں فضائی حملوں میں 300 سے زیادہ حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔

سعودی عرب کے سرکاری ذرائع ابلاغ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ عرب اتحاد نے العبدیہ میں حوثیوں کی نو فوجی گاڑیوں اور ٹھکانوں کو فضائی بمباری میں نشانہ بنایا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ان حملوں میں 300 حوثی باغی مارے گئے ہیں۔

عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ اس نے گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں العبدیہ میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی گاڑیوں اور جنگجوؤں کو نشانہ بنانے کے لیے 43 کارروائیاں کی ہیں۔

اتحاد نے یہ بھی کہا کہ حوثی جنگجواب امدادی تنظیموں اور کارکنوں کو علاقے میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں۔گذشتہ ماہ تزویراتی لحاظ سے اہمیت کے حامل شہر مآرب میں یمنی فوج اور حوثیوں کے درمیان لڑائی میں شدت آئی ہے اور حوثیوں نے نئے جنگجو بھرتی کرکے اس محاذ پر بھیجے ہیں۔

یمن میں گذشتہ سات سال سے حوثی ملیشیا اور سرکاری فوج کے درمیان خانہ جنگی جاری ہے۔ یہ لڑائی 2014ء میں حوثیوں کے دارالحکومت صنعاء پر قبضے کے بعد شروع ہوئی تھی۔اس میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔