.

بھارت: سیلاب کے سبب دولہا دلہن کڑاھے میں سوار ہونے پر مجبور

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بھارتی ریاست کیرالا میں شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلابی صورت حال کا سامنا ہے۔ اس دوران میں ایک دل چسپ منظر دیکھنے میں آیا جب ایک مقامی دولہا اور دلہن کو بڑے سے کڑاھے کے اندر بٹھا کر شادی کی تقریب کے مقام تک پہنچایا گیا۔

اس جوڑے نے مذکورہ برتن ایک مقامی مندر سے حاصل کیا تھا۔ دو افراد نے اس عارضی کشتی کو پانی میں دھکیلا۔ اس واقعے کی وڈیو اور تصاویر وسیع پیمانے پر سوشل میڈیا پر پھیل گئیں۔

شادی کی تقریب کے بعد دلہن نے ایک مقامی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "شادی کے موقع پر جو کچھ پیش آیا یہ ہمارے وہم و گمان میں بھی نہ تھا"۔

کیرالا ریاست کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، سیلاب اور تودے گرنے سے کم از کم 27 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

شادی کی تقریب کے ایک وڈیو کلپ میں کسی شخص کو یہ کہتے سنا گیا کہ "دولہا اور دلہن کے لیے گاڑی کے بدلے ایک کشتی کی بکنگ کرانی چاہیے تھی"۔

کیرالا کی حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے ہزاروں پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت نکال لیا اور 100 سے زیادہ امدادی کیمپ قائم کیے ہیں۔

یاد رہے کہ 2018ء میں کیرالا کے مختلف علاقوں میں آنے والے سیلاب کے نتیجے میں 500 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔