امریکی فلم کی عکس بندی ، حادثاتی فائرنگ سے کیمرہ ڈائریکٹر ہلاک اور ہدایت کار زخمی
امریکی پولیس کے اعلان کے مطابق ملک کے جنوب مغرب میں سینٹاوے شہر کے نزدیک ایک فلم کی عکس بندی کے دوران میں حادثاتی طور پر فائرنگ کے نتیجے میں خاتون کیمرہ ڈائریکٹر ہلاک اور فلم کا ہدایت کار زخمی ہو گیا۔
پولیس کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ نیو میکسیکو ریاست میں Rust فلم کی عکس بندی کے موقع پر اداکار ایلک بیلڈوین کی جانب سے "جعلی ہتھیار" سے فائرنگ سے فلم کی کیمرہ ڈائریکٹر ہیلیانا ہیچنز اور فلم کا ہدایت کار جوئل سوزا زخمی ہو گئے۔

دونوں افراد کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا۔ تاہم ہیلیانا وہاں دم توڑ گئی جب کہ جوئل کو انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اداکار بیلڈوین سے تحقیقات کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔
امریکی اخبارThe Hollywood Reporter نے پولیس ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہدایت کار جوئل کی حالت تشویش ناک ہے۔
عام طور سے عکس بندی کے موقع پر "جعلی اسلحے" کے استعمال کے حوالے سے سخت قواعد کو اپنایا جاتا ہے تاہم اس کے باوجود بعض مرتبہ حادثات رونما ہو جاتے ہیں۔

اس نوعیت کا مشہور ترین حادثہ ہالی وڈ کی فلم The Crew کی عکس بندی کے دوران میں پیش آیا تھا جب مارشل آرٹ کے بادشاہ بروس لی کا بیٹا برینڈن لی ایک پستول کی گولی سے مارا گیا۔