.

یمنی شہر ذمار میں شہری مکانات پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل سے حملے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کے شہر ذمار میں آج اتوار کو علی الصباح ایک رہائشی علاقے میں شہریوں کے گھروں پر حوثی ملیشیا کی جانب سے داغا گیا بیلسٹک میزائل گرا۔ واقعے میں شہریوں کے جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔

یمنی نیوز ایجنسی "خبر" نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ عسکری پولیس کے تربیتی مرکز کے نزدیک مذکورہ بیلسٹک میزائل گرنے پر زور دار دھماکا ہوا جس نے ذمار شہر کو ہلا کر رکھ دیا۔ اس موقع پر ایمبولینس کی گاڑیاں میزائل گرنے کے مقام کی طرف جاتی دکھائی دیں۔

ذمار شہر میں عسکری پولیس کی تربیت کا مذکورہ مرکز ان کیمپوں میں سے ہے جہاں سے حوثی ملیشیا یمن کے آزاد کرائے گئے صوبوں کی سمت بیلسٹک میزائل داغتی ہے۔

یمن کی مشترکہ فورسز کے میڈیا سیل کی جانب سے ایک وڈیو جاری کی گئی ہے۔ اس وڈیو میں ہفتے کے روز شہریوں کے گھروں پر حوثیوں کی گولہ باری سے ہونے والی تباہی کا حجم دیکھا جا سکتا ہے۔ حوثیوں کی گولہ باری نے متاثرہ گھروں کے مکینوں کو نقل مکانی پر مجبور کر دیا۔

حوثیوں کی جانب سے جاری گولہ باری اور میزائل باری کے نتیجے میں درجنوں گھر تباہ ہو گئے اور سیکڑوں خاندان نقل مکانی کر گئے۔ اس دوران شہریوں کا جانی نقصان بھی ہوا۔

دوسری جانب ہفتے کے روز مغربی ساحل کے کئی محاذوں پر یمن کی مشترکہ افواج کی کارروائی میں حوثی ملیشیا کا جانی اور مادی نقصان ہوا۔