خرطوم میں جو کچھ ہوا وہ آئین کے خلاف ہے: امریکی ایلچی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

براعظم افریقا کے لیے واشنگٹن کے خصوصی ایلچی جیفری فیلٹمین کا کہنا ہے کہ امریکا کو اُن رپورٹوں پر گہری تشویش لاحق ہو رہی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ سوڈان میں اقتدار کی باگ ڈور فوج نے اپنے ہاتھ میں لے لی ہے۔

امریکی ایلچی کے مطابق آج صبح سوڈان میں متعدد وزراء کی گرفتاری اس آئینی دستاویز کی مخالفت ہے جس کے تحت ملک میں عبوری حکومت قائم ہے۔ اس حکومت میں عسکری اور شہری دونوں نوعیت کی شراکت داری ہے۔

Advertisement

انہوں نے واضح کیا کہ طاقت کے زور پر حکومت میں کسی بھی تبدیلی سے سوڈان کے لیے امریکی سپورٹ کو سنگین خطرہ لاحق ہو جائے گا۔

ادھر یورپی یونین نے بھی سوڈان کی صورت حال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یونین میں خارجہ پالیسی کے رابطہ کار جوزپ بورل نے اپنی ٹویٹ میں متعلقہ فریقوں اور علاقائی شراکت داروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عبوری حکومت کی راہ پر واپس لوٹیں۔

اس سے قبل العربیہ اور الحدث چینلوں کی نامہ نگار نے بتایا تھا کہ آج پیر کی صبح وزیر اعظم عبداللہ حمدوک کی حکومت کے متعدد وزراء ، حکومت اور خود مختار کونسل کے ذمے داران اور حکومت کی حامی کئی جماعتوں کے عہدے داران کو گرفتار کر لیا گیا۔

سوڈانی وزارت اطلاعات کے مطابق عسکری فورسز نے آج وزیر اعظم عبداللہ حمدوک کے گھر پر چھاپا مارا اور جب وزیر اعظم نے "انقلاب" کے مطالبے کے سامنے سر نہیں جھکایا تو انہیں نامعلوم مقام پر لے جایا گیا۔

دارالحکومت خرطوم کی سڑکوں پر اس وقت بھی مشتعل احتجاجیوں کے جتھے موجود ہیں۔ ان افراد نے ٹائروں کو آگ لگائی۔ انہوں نے پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں جن میں "شہری حکومت" کے تحفظ کا مطالبہ کیا گیا ہے اور گرفتاریوں کی سخت مذمت کی گئی ہے۔

سوڈانی پروفیشنل ایسوسی ایشن نے آج تمام ہم وطنوں کو سڑکوں پر نکل آنے کی کال دی تا کہ کسی بھی فوجی انقلاب کو مسترد کرتے ہوئے 2019ء میں ہونے والی تبدیلی کا تحفظ ہو سکے۔

ادھر ملک میں ڈاکٹروں کی انجمن نے اپنے تمام متعلقین پر زور دیا ہے کہ وہ ملک بھر میں عسکری ہسپتالوں میں کام روک دیں۔ اسی طرح بینکاروں کی ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں عام ہڑتال اور شہری نافرمانی کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ ستمبر میں انقلاب کی ناکام کوشش کے بعد سے حکومت میں شامل شہری اور عسکری حکام کے بیچ تناؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں