سعودی ولی عہد شہزادہ محمد کی میزبانی میں مشرق اوسط سبزاقدام کانفرنس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی میزبانی میں الریاض میں مشرق اوسط سبزاقدام کی پہلی سربراہ کانفرنس منعقد ہورہی ہے۔وہ اس کانفرنس میں سبزمعاشروں میں منتقلی کو ممکن بنانے میں مملکت کے وژن اور گرین فنانسنگ کے کردار کا خاکا پیش کریں گے۔

سربراہ اجلاس سے اپنے افتتاحی خطاب میں ولی عہد نے اعلان کیا کہ سعودی عرب کاربن معیشت کی معاونت کے لیے فنڈ متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انھوں نے مستقبل میں سربراہ اجلاس کے کام میں معاونت کے لیے ایک غیر منافع بخش تنظیم کے طور پر’گرین انیشی ایٹوفاؤنڈیشن‘ (سبزاقدام فاؤنڈیشن) کے قیام کے منصوبہ کا بھی اعلان کیا۔

Advertisement

ولی عہد نے 39 ارب سعودی ریال کی مالیت سے تحفظ ماحول کے دو اقدامات کا بھی اعلان کیا۔ان کے لیے سعودی عرب 15 فی صد رقوم مہیا کرے گا۔

انھوں نے اعلان کیا کہ کاربن کی سرکلرمعیشت کے تصور، موسمیاتی تبدیلیوں کےعلاقائی مرکز، کاربن پر قابوپانے،اس کے استعمال اورذخیرہ اندوزی کے لیے علاقائی کمیونٹی، علاقائی طوفانوں کے پیشگی انتباہی مرکز، ماہی گیری کی پائیدارترقی کے لیے ایک علاقائی مرکزاورعلاقائی کلاؤڈ سیڈنگ پروگرام کے قیام کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کی غرض سے ایک پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔

پیر کو منعقد ہونے والی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں متعدد ممالک کے سربراہان مملکت اور اعلیٰ عہدے دار شرکت کررہے ہیں۔ ان میں امریکی صدر کے خصوصی ایلچی برائے ماحول جان کیری،اقوام متحدہ کی نائب سیکرٹری جنرل آمنہ محمد، بلیک راک کے چیئرمین اور سی ای او لیری فنک، ایچ ایس بی سی، برطانیہ کے گروپ چیف ایگزیکٹو نوئل کوین اور بی ٹی جی پریکوئل کے سینئرپارٹنر اینڈری ایسٹیوس کلیدی مقررین میں شامل ہیں۔

ان کے علاوہ مشرقِ اوسط سبزاقدام کانفرنس میں کئی ایک بین الاقوامی اور علاقائی رہنما شرکت کررہے ہیں تاکہ مشترکہ ماحولیاتی وعدوں کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے کی ترغیب دی جا سکے۔

کانفرنس کے منتظمین نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی سبزاقدام میں شامل قومی ماحولیاتی وعدوں کے علاوہ مملکت اپنے ہمسایوں کے ساتھ مل کراور اجتماعی اقدامات کے ذریعے اپنی سرحدوں سے باہررونما ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرے گی۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹ کے مطابق کئی عالمی رہنما اتوار اور پیر کو دارالحکومت الریاض پہنچ گئے ہیں اور وہ مشرق اوسط سبزاقدام سربراہ اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔

یہ سربراہ اجلاس سعودی ولی عہد کی جانب سے ہفتے کے روز الریاض ہی میں منعقدہ سعودی سبزاقدام (ایس جی آئی) فورم کے آغاز کے بعد طلب کیا گیا ہے۔اس میں یہ اعلان کیا گیا تھا کہ سعودی عرب 2060 تک کاربن گیسوں کے اخراج کا خالص صفرہدف حاصل کرنا چاہتا ہے۔

سعودی عرب 2030 تک میتھین کے عالمی سطح پر اخراج میں 30 فی صد کمی لانے کے معاہدے میں بھی شامل ہوگا اور یہ اس کے دنیا کو ایک صاف ستھرا اورسرسبز مستقبل فراہم کرنے کے عزم کا مظہرہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں