.

سلامتی کونسل : سوڈان کے حوالے سے بند کمرے کا اجلاس آج ہو گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آج ایک بند کمرے کے اجلاس میں غالبا سوڈان کی صورت حال پر بحث کرے گی۔ یہ بات اقوام متحدہ میں سفارت کاروں نے بتائی۔ العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کی خاتون نامہ نگار کے مطابق پیر کی شب 12 بجے سے سوڈان میں رابطے منقطع ہیں۔ صرف آنے والی فون کالز کو وصول کیا جا سکتا ہے جب کہ انٹرنیٹ سروس گذشتہ روز سے منقطع ہے۔

سفارتی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ برطانیہ، آئرلینڈ، ناروے، امریکا، اسٹونیا اور فرانس نے سوڈان کی صورت حال پر بات چیت کے لیے سلامی کونسل کا اجلاس طلب کیا۔

امریکا نے کل پیر کے روز سوڈان پر زور دیا تھا کہ پیشگی شرائط کے بغیر تمام امور کو فوری طور پر پرانی حالت پر لایا جائے۔

امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلینکن کا کہنا ہے کہ ان کا ملک سوڈان میں عبوری حکومت کے حل کو مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ اپنے شراکت داروں کے ساتھ کام کر رہی ہے تا کہ سوڈان اور خطے میں عدم استحکام کی صورت حال کے بغیر حالات کے ساتھ ہم آہنگ ہوا جا سکے۔

ادھر امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کے اعلان کے مطابق امریکا نے حالیہ واقعات اور پیش رفت کے بعد سوڈان کے لیے 70 کروڑ ڈالر کی امدادی رقم معطل کر دی ہے۔ ترجمان کے مطابق اس رقم کا مقصد سوڈان میں جمہوری تبدیلی کو سپورٹ کرنا تھا۔