سعودی عرب لگژری برقی کارسازلوسیڈ گروپ کی پری آرڈر دوسری بڑی مارکیٹ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب پری آرڈرز کے لحاظ سے لگژری الیکٹرک کاریں تیار کرنے والے لوسیڈ گروپ کی دوسری بڑی مارکیٹ ہے۔اس بات کا انکشاف امریکا کی اس کارساز فرم کے چیف ایگزیکٹوآفیسر(سی ای او) پیٹر رالینسن نے جمعرات کو الریاض میں منعقدہ فیوچرانویسٹمنٹ انیشی ایٹو (ایف آئی آئی) کانفرنس میں کیا ہے۔

لوسیڈ موٹرز الیکٹرک گاڑیاں تیارکرنے والی کمپنی ہے اور اس کو سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کی معاونت حاصل ہے۔

سعودی عرب نے رواں ہفتے کے اوائل میں اعلان کیا تھا کہ 2030 تک اس کے دارالحکومت میں چلنے والی کاروں میں سے کم سے کم 30 فی صد برقی ہوجائیں گی کیونکہ وہ دنیا کے سب سے بڑے تیل برآمد کنندہ ملک کی حیثیت سے کرہ ارض کی حدت میں اضافے کا موجب بننے والے عوامل کو ختم یا کم کرنا چاہتا ہے اور وہ 2060ء تک ملک میں گرین ہاؤس گیسوں کا خالص صفراخراج چاہتاہے۔

سعودی عرب کے شاہی کمیشن برائے الریاض شہرکے صدرفہدالرشید نے گذشتہ ہفتے کے روز موسمیاتی کانفرنس کے آغاز پراعلان کیا تھا کہ یہ ہدف اگلے نو سال کے دوران میں 80 لاکھ نفوس پر مشتمل شہر میں کاربن کے اخراج کو نصف کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔

باخبرذرائع کے مطابق کیلی فورنیا میں قائم لوسیڈ گروپ سعودی عرب میں برقی گاڑیاں تیار کرنے کے لیے فیکٹری کی تعمیرکی غرض سے پی آئی ایف کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے ای وی میٹلز گروپ پی ایل سی نے حال ہی میں برقی گاڑیوں کی بیٹریوں میں استعمال ہونے والی معدنیات پرمزید کام کے لیے سعودی عرب میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

اگست میں لوسیڈ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی آنے والی ایئرڈریم ایڈیشن کار کے دو مختلف ورژن تیار کرے گا۔یہ دونوں ورژن ڈریم ایڈیشن پرفارمنس اور ڈریم ایڈیشن رینج ہیں۔ان کے مختلف فیچراور خصوصیات ہیں۔

لوسیڈ کار کی ڈریم ایڈیشن پرفارمنس قسم رفتار اور تیزی کے لیے بہترپاورانجن کی خصوصیات کی حامل ہے۔اس کا انجن 1,111 ہارس پاور کا ہے، ڈریم ایڈیشن رینج کا انجن صرف 933 ہارس پاورکا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں