.

یاسرالرمیان کووِڈ-19 کا شکارہونے کے بعدمستقبل سرمایہ کاری فورم میں شرکت سےقاصر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے سرکاری سرمایہ کاری فنڈ (پی آئی ایف)کے سربراہ یاسرالرمیان اسی ہفتے کووِڈ-19 کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے وہ دارالحکومت الریاض میں منعقدہ سالانہ مستقبل سرمایہ کاری اقدام (ایف آئی آئی) کے پانچویں ایڈیشن میں شرکت سے قاصر رہے ہیں۔

ایف آئی آئی کا انعقاد 26 سے 28 اکتوبر تک کیا گیا ہے۔اس سال کا موضوع :’’انسانیت پر سرمایہ کاری‘‘ تھا۔ اس میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے حکام، کاروباری رہ نماؤں،نمایاں عالمی شخصیات اورماہرین نے شرکت کی۔انھوں نے اس بات پرتبادلہ خیال کیا کہ کووِڈ-19 کے بعد کی دنیا میں پائیدارمستقبل کی تعمیر کیسے کی جاسکتی ہے۔

ذرائع نے العربیہ کو بتایا ہے کہ پی آئی ایف کے گورنر اور ایف آئی آئی انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین یاسرالرمیان کا کووِڈ کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا تھا۔البتہ وہ خود کو اچھا محسوس کر رہے تھے۔انھوں نے خود تنہائی اختیارکی اور اس دوران میں وہ قرنطین میں رہے ہیں۔انھوں نے مکمل ویکسین لگوالی ہے۔ان کا حال ہی میں کووِڈ کا ایک اور ٹیسٹ کیا گیا ہے اور اس کا نتیجہ منفی آیا ہے۔

واضح رہے کہ مستقبل سرمایہ کاری اقدام کانفرنس کے موقع پرگذشتہ بدھ کو مجموعی طور پر 44 ملٹی نیشنل کمپنیوں کو اپنے علاقائی ہیڈ کوارٹرالریاض میں منتقل کرنے کے لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔

شاہی کمیشن برائے الریاض سٹی کے صدر فہد الرشید نے اس توقع کا اظہارکیا ہے کہ کمپنیاں دارالحکومت میں علاقائی ہیڈکوارٹر قائم کریں گی اور ایک سال کے اندر یہاں منتقل ہوجائیں گی۔