سعودی دارالحکومت میں منعقد ہونےوالے سالانہ رنگا رنگ میلے موسم الریاض کا’’الریاض سٹی بلیوارڈ‘‘ پیر کو کھول دیا گیا ہے۔اس میں زائرین نومختلف علاقوں پر مشتمل تفریحی مقامات میں تفریح طبع کاسامان کرسکیں گے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے)کے مطابق ’’یہ تفریح کی سب سے اہم منزل، سب سے بڑا ایونٹ ایریا اور سعودیوں کا تعمیرکردہ ایک غیرمعمولی منصوبہ ہے۔‘‘
الریاض کے شمال میں واقع اس زون کے کل رقبے میں گذشتہ سیزن کے مقابلے میں تین گنا توسیع کی گئی ہے۔اب اس کا رقبہ قریباً لاکھ مربع میٹر ہے۔اس کی وجہ سے یہ مقام خطے میں سب سے بڑی تفریح گاہ بن گیا ہے۔
’الریاض سٹی بلیوارڈ‘ میں نو علاقے شامل ہیں،ان میں ہر ایک کا تقریبات، ریستوران، کیفے، باغات،کھیلوں کے بین الاقوامی مراکز، میلوں کی جگہ اور اسٹورز کے لیے اپنا سیٹ ہے۔اس میں ایک فوارے کی جگہ ہے جہاں مختلف لیزرروشنیاں جگمگائیں گے اور ان کے رنگوں اورموسیقی کواس فوارے شو کے ساتھ ہم آہنگ کیا گیا ہے۔
ایس پی اے نے بتایا کہ موسم الریاض کی سرگرمیوں میں ’’کرسٹل بھول بھلیوں کاتجربہ‘‘ بھی شامل ہے۔بھول بھلیوں پ مبنی یہ کھیل برطانیہ سے باہر پہلی بار پیش کیاجا رہا ہے۔اس میں زائرین بیک وقت اپنی ذہانت اور چابک دستی کی جانچ کرسکیں گے۔
یہ زون مشرق اوسط کے سب سے بڑے سینما کے علاوہ دنیا میں پہلی بار بین الاقوامی تقریبات کی میزبانی بھی کرے گا۔اس میں اعلیٰ معیارکی 25سکرینیں لگائی گئی ہیں جہاں نئی فلمیں بین الاقوامی سینماگھروں میں نمائش کے لیے پیش کرنے سے قبل دکھائی جائیں گی۔ یہ فلمیں قریباً 22,280 مربع میٹر کے علاقے میں دکھائی جائیں گی۔
الریاض سٹی بلیوارڈ کے دروازے روزانہ شام پانچ بجے زائرین کے لیے کھلیں گے اور یہ ہفتے کے ساتوں دن علی الصباح چاربجے تک کھلا رہے گا۔
موسم الریاض
سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ کے مطابق موسم الریاض 2021ء کا آغاز گذشتہ ہفتے مملکت کے دارالحکومت میں افتتاحی پریڈ کے ساتھ ہوا تھا۔اس میں ساڑھے سات لاکھ سے زیادہ افراد نے شرکت کی تھی۔
الریاض سیزن 2019 کا لوگو’’تصورکریں!‘‘تھا، اس سال تقریب کے منتظمین نے لوگوکا عنوان ’’مزید تصورکریں!‘‘ رکھا ہے اور اس میں شرکت کے لیے آنے والوں سے بہت دل فریب تفریحی تقریبات اور پیش کشوں کا وعدہ کیاہے۔
آل الشیخ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ’’آج موسم الریاض کا ایک تاریخی دن ہوگا۔سٹی بلیوارڈ آپ کا منتظر ہے۔‘‘
لا احد يجي … ابي اتمشى فيه لحالي 😉❤️🇸🇦https://t.co/oz2o8wah1l pic.twitter.com/ehEVBt5xsH
— TURKI ALALSHIKH (@Turki_alalshikh) November 1, 2021
انھوں نے واضح کیا ہے کہ الریاض سیزن میں زونزمیں داخلے کےعمل کوآسان بنانے کے لیے ٹکٹوں کو’توکلنا‘ ایپ سے منسلک نہیں کیا گیا ہے اور زونز میں داخل ہوتے وقت صرف’توکلنا‘دکھانا ہی کافی ہے۔توکلنا سعودی عرب کی وزارت صحت کووِڈ-19 ٹریکنگ ایپ ہے۔