عرب تیندوے سمیت جنگلی بلیوں کے تحفظ کےلیےآگہی ’کیٹ واک‘میں سعودی،عالمی حکام کی شرکت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے کیٹ ماسفیئر کے زیراہتمام ’کیٹ واک 2021‘ میں عالمی حکام اور سفراء کے ساتھ شرکت کی ہے۔اس کا مقصد معدومیت کے خطرے سے دوچار عرب تیندوے سمیت جنگلی بلیوں کے تحفظ کے بارے میں شعوراجاگرکرنا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ نے خطرے سے دوچارعرب تیندوے سمیت جنگلی بلیوں کومحفوظ رکھنے کی ضرورت کے بارے میں آگہی پیدا کرنے کے لیے عالمی اقدام ’کیٹ واک 2021' میں حصہ لیا ہے۔اس کے تحت شرکاء نے 7 کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کیا ہے۔عرب تیندوا بھی بعض جنگلی بلیوں کی طرح ناپید ہونے کے خطرے سے دوچارہے۔

سعودی وزارت خارجہ کے حکام نے اس مقصد کے لیے دارالحکومت الریاض کے سفارتی کوارٹر (ڈی کیو) میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔تقریب میں سعودی عرب کے نائب وزیرخارجہ ولید الخریجی اور وزارت خارجہ کے انڈرسیکرٹری فہد ابوالنصر بھی شریک تھے۔

انھوں نے کہا کہ آج مجھے پیدل چلتے ہوئے کیٹ واک میں شرکت کرکے خوشی محسوس ہورہی ہے۔ الخریجی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم سب کولوگوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے کہ وہ صحت اور ماحول کو بہترطور پر برقرار رکھنےکے لیے ورزش کریں اور جنگلی بلیوں کی زندگیوں کے تحفظ میں اپنا حصہ ڈالیں۔

’کیٹ واک‘کیٹ ماسفیئر فاؤنڈیشن کا ایک اقدام ہے۔اس کی بنیاد امریکامیں متعیّن سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان نے رکھی تھی۔ یہ آگہی مہم لوگوں کو گھروں سے باہر ورزش کی ترغیب بھی دیتی ہے۔

واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا:’’اس کو فخر ہے کہ اس نے ’بگ کیٹس‘ کے تحفظ کی کوششوں کے بارے میں شعوراجاگرکرنے کے لیے آج کیٹ واک2021ء میں حصہ لیا ہے۔‘‘

سفارت خانے نے مزید کہا:’’ہمیں امید ہے،آج کی واک کو سعودی عرب کے مقامی عرب تیندوے سمیت بڑی بلیوں کو بچانے کی کوشش میں ایک سنگ میل کے طورپریاد رکھا جائے گا۔‘‘

شہزادی ریما نے الگ سے بیان میں کہا:’’جنگلی بلیوں خصوصاً عرب تیندوے کے تحفظ کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیداکرنے کے لیے کیٹ واک میں شرکت کرنے والے ہرشخص کا شکریہ،ہم تیندوے کو مملکت میں معدوم ہونے سے محفوظ رکھنے اور العلاء کے شاہی کمیشن کی کوششوں سےاسے اس کے قدرتی ماحول میں واپس لانے کے خواہاں ہیں۔‘‘

مقبول خبریں اہم خبریں