.

سعودی ولی عہد کا امیرقطر کے نام خط؛دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کی ضرورت پرزور

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امیرِقطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے نام ایک خط بھیجا ہے اور اس میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امیرقطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے دوحہ میں امیری دیوان میں آج خادم الحرمین الشریفین کے سفیرشہزادہ منصور بن خالد بن فرحان کا خیرمقدم کیا ہے۔

سعودی سفیر نے امیرقطر کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ہے، جس میں انھوں نے کہا ہے کہ’’اللہ تعالیٰ ریاست قطر کے امیر کی حفاظت فرمائیں۔‘‘انھوں نے امیرقطر کو سعودی ولی عہد کا خط پہنچایا ہے۔

اس موقع پرسعودی سفیرکے اعزاز میں استقبالیے میں قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی اور قطری امیری دیوان کے سربراہ شیخ سعود بن عبدالرحمٰن آل ثانی بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ پانچ جنوری 2021ء کو تاریخی شہر العُلاء میں منعقدہ خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) کے سربراہ اجلاس کے موقع پر سعودی عرب سمیت چارعرب ممالک نے قطر کے ساتھ ساڑھے تین سال سے جاری تنازع کے خاتمے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کے قطر کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات بحال ہوگئے ہیں۔

سعودی عرب نے جون میں دوحہ میں شہزادہ منصوربن خالد بن فرحان کو اپنا سفیر مقرر کیا تھا۔وہ قطری دارالحکومت میں سفارتی فرائض انجام دے رہے ہیں۔اس کے بعد جولائی میں شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے الریاض میں اپنے ملک کے نئے سفیربندر محمدالعطیہ کا تقررکیا تھا۔انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی بحالی کے سات ماہ بعد یہ اقدام کیاتھا۔

یادرہے کہ سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ،بحرین اور مصر نے جون 2017ء میں قطرکے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے۔انھوں نے اس پر مصر کی قدیم مذہبی سیاسی جماعت الاخوان المسلمون (کالعدم) کی پشتیبانی، دوسرے انتہا پسند گروپوں کے علاوہ ایران سے تعلقات استوارکرنے اور ان چاروں ملکوں کے داخلی امور میں مداخلت کا الزام عاید کیا تھا لیکن قطر نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔