سعودی کابینہ کی جانب سے عراقی وزیر اعظم پر قاتلانہ حملے کی ایک بار پھر مذمت

وزارت خارجہ کو ملازمت کے مصدقہ معاہدہ ہولڈرز کے ویزے جاری کرنے کی ہدایت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کی کابینہ نے عراق میں دہشت گرد حملے کی ایک مرتبہ پھر مذمت کرتے ہوئے بغداد حکومت کو اطمینان دلایا کہ ’سعودی حکومت اور عوام ملک کے حالات کی بحالی، امن و استحکام اور خوشحالی و ترقی کے فروغ کے مشن میں عراق کے ساتھ ہیں۔‘

کابینہ کا ورچوئل اجلاس منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا۔ انہوں نے سعودی وژن 2030 کے پروگراموں اور سکیموں کے مطابق ہمہ جہتی ترقی پر خراج تحسین پیش کیا۔ قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘‘ کو بتایا کہ ’کابینہ نے علاقائی و بین الاقوامی حالات کا جائزہ لیا۔‘

Advertisement

سعودی کابینہ میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مملکت اور برادر و دوست ممالک کے درمیان ہونے والے مذاکرات اور میٹنگز کے نتائج کا جائزہ لیا گیا- رپورٹ میں اس امر پر اطمینان ظاہر کیا گیا کہ ’برادر و دوست ملکوں کے ساتھ دوستی اور تعاون کے رشتے مزید مضبوط ہوئے ہیں۔‘

وزیر ماحولیات وپانی و زراعت کو زراعت کے شعبے میں ارجنٹینا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت جبکہ العلا رائل کمیشن کے گورنر کو تربیت، سائنس اور ثقافت کے شعبے میں العلا رائل کمیشن اور یونیسکو کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا اختیار تفویض کیا گیا ہے۔

اجلاس میں کھیلوں کے شعبے میں کویت کے ساتھ مفاہمتی یادداشت، اسلامی امور اور دعوت کے شعبے میں ملائیشیا کے ساتھ مفاہمتی یاداشت کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ’مملکت کے 70 فیصد باشندوں کو جن میں سعودی اور غیر ملکی سب شامل ہیں، قومی مہم کے تحت کرونا ویکسین مفت فراہم کی گئی اور سعودی عرب کرونا وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔‘

سعودی کابینہ نے پرائیویٹ لیبارٹریوں کے قانون میں ترمیم کی منظوری دی ہے۔ وزارت خارجہ کو ملازمت کے مصدقہ معاہدہ ہولڈرز کے ویزے جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کابینہ نے ہیوی ٹرکوں کی میعاد 10 برس سے گھٹا کر پانچ برس کردی۔ شاہراہوں پر آئندہ پانچ برس پرانے ہیوی ٹرک نقل و حمل کا کام انجام دے سکیں گے۔ ماڈل کی تاریخ کا اعتبار جنوری کے شروع سے ہو گا۔ فیصلے پر عمل درآمد چھ ماہ بعد ہوگا۔ کابینہ نے 14 ویں اور 15 ویں گریڈ کے عہدیداروں کی ترقی کے احکام بھی جاری کیے ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘ کے مطابق کابینہ کے ارکان نے اقتدار نشینی کی ساتویں سالگرہ پر شاہ سلمان کو مبارکباد پیش کی۔

مقبول خبریں اہم خبریں