.

وزیر حج وعمرہ نے منٰی، عرفات اور مزدلفہ کا دورہ کیا، کدانہ منصوبوں کا معائنہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے مکہ المکرمہ میں واقع مقامات مقدسہ (منٰی، عرفات اور مزدلفہ) میں کدانہ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ یہ کمپنی مکہ اور مشاعر مقدسہ رائل کمیشن کی ملکیت ہے۔ کدانہ ڈویلپمنٹ کمپنی شاہی فرمان پر دو سال قبل قائم کی گئی تھی۔

رائل کمیشن کے ایگزیکٹیو چیئرمین انجینیئر عبدالرحمان عداس، کدانہ کمپنی کے چیئرمین حاتم مومنہ بھی اس موقع پر وزیر حج وعمرہ کے ہمراہ تھے۔

وزیر حج وعمرہ کو حجاج کی خدمت کا معیار بہتر بنانے والے منصوبے نافذ کرنے کے سلسلے میں کدانہ کمپنی کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے منٰی، مزدلفہ اور عرفات کے دورے میں متعدد منصوبوں کا معائنہ کیا۔ انہیں 3800 مربع میٹر کے رقبے پر قائم ماڈل کیمپ بھی دکھایا گیا۔ جہاں رہائش، کھانے پینے اور دیگر انتظامات بھی تھے۔

وزیر حج و عمرہ نے جمرات پل اور منٰی میں ماڈل ٹوائلٹ کمپلیکس کا بھی دورہ کیا ہے۔ وزیر حج نے مشاعر مقدسہ کے دورے کے اختتام پر غار حرا کے حوالے سے جبل النور کلچرل سینٹر کا دورہ بھی کیا۔ یہاں الوحی نمائش کا انتظام کیا گیا ہے، جس میں نزول وحی کا واقعہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پیش کیا جا رہا ہے۔ یہاں القرآن الکریم میوزیم بھی ہے۔