مصر کی دو سر جڑی (جڑواں) بہنیں سلمی اور سارہ آئندہ چند روز میں اپنے والدین کے ہمراہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچیں گی۔ وہاں ان دونوں بہنوں کو علاحدہ کرنے کے آپریشن کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ہدایات پر یہ آپریشن نیشنل گارڈز کی وزارت کے زیر انتظام کنگ عبداللہ چلڈرن اسپیشلسٹ ہسپتال میں ہو گا۔
اس سلسلے میں مصر میں سعودی عرب کے سفیر اسامہ بن احمد نقلی نے کل بدھ کے روز قاہرہ میں اپنے دفتر میں مصری بچیوں سلمی اور سارہ اور ان کے والد عبدالغنی ہلال اور والدہ سے ملاقات کی۔

سعودی سفیر نے باور کرایا کہ آپریشن کے لیے جڑواں بچیوں اور ان کے والدین کے مملکت سفر کے انتظامات دونوں برادر ملکوں کی حکومتوں اور عوام کے بیچ امتیازی اخوت کے تعلقات کے ضمن میں سامنے آئے ہیں۔ یہ سعودی عرب کی دانش مند قیادت کی جانب سے دنیا بھر کے ممالک میں انسان دوست جذبے اور سرپرستی کا عکاس ہے۔
اس موقع پر سارہ اور سلمی کے والدین نے مملکت سعودی عرب کی جانب سے اس منصوبے پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔

جڑواں بچوں کو علاحدہ کرنے سے متعلق سعودی قومی پروگرام کے تحت دنیا کے 22 ویں ملک کا یہ 118 واں کیس ہے جس کا جائزہ مکمل کیا گیا ہے۔