.

ایرانی ہیکروں نے حساس معلومات چرا لی ہیں: امریکی FBI کا انتباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی مرکزی تحقیقاتی ادارے(FBI) نے حال ہی میں امریکی کمپنیوں کو ارسال کردہ ایک رپورٹ میں ایرانی ہیکروں سے خبردار کیا ہے۔ ان ہیکروں نے "ڈارک ویب" کی سائٹس میں حساس معلومات تلاش کیں جو امریکی اور غیر ملکی تنظیموں سے چُرائی گئی تھیں۔ یہ معلومات مستقبل میں مذکورہ تنظیموں میں دراندازی کی کوششوں میں مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔

امریکی چینل CNN کے مطابق چند روز قبل جاری اس رپورٹ میں واضح کیا گیاہے کہ ایرانی ہیکروں نے ڈارک ویب کے فورموں پر بھرپور دل چسپی کا مظاہرہ کیا۔ ان فورموں پر مختلف نوعیت کی معلومات افشا کی جاتی ہیں مثلا ای میلز اور پتے وغیرہ.

امریکی ایف بی آئی نے تشویش ظاہر کی ہے کہ ایرانی ہیکروں کا گروپ ان معلومات کو مستقبل میں امریکی کمپنیوں کے نیٹ ورک میں دراندازی کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔

تاہم ایف بی آئی نے اس شرپسند سرگرمی کے پیچھے موجود ہیکروں کی شناخت واضح نہیں کی۔ اسی طرح ہیکروں کے ناموں کا تعین نہیں کیا۔ یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ آیا ان ہیکروں کو ایرانی حکومت کے ساتھ کوئی تعلق ہے یا نہیں۔

امریکی سیکورٹی کمپنی "کراؤڈ اسٹرائک" میں انٹیلی جنس سربراہ کے فرسٹ ڈپٹی ایڈم مائرز کے مطابق ایرانی حکومت کے ساتھ تعلق رکھنے والے ہیکروں کی جانب سے گذشتہ برسوں کے دوران میں سائبر جرائم کی سرگرمیوں کے ارتکاب میں اضافہ ہوا ہے۔

یاد رہے کہ امریکی انتظامیہ ماضی میں کئی بار اعلان کر چکی ہے کہ ایرانی ہیکروں نے انٹرنیٹ کے ذریعے مشکوک کارروائیاں انجام دیں۔ ان کاررائیوں کا مقصد امریکی کمپنیوں اور اداروں کو نشانہ بنانا تھا۔