ایران میں دو شدیدزلزلے؛بعدازجھٹکے یو اے ای اورسعودی عرب میں محسوس کیے گئے
متحدہ عرب امارات کے موسمیاتی مرکزاورعینی شاہدین کے مطابق جنوبی ایران میں آنے والے دو شدید زلزلوں کے بعد ازجھٹکے بعض امارتوں میں محسوس کیے گئے ہیں۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق اتوار کے روزایران کے جنوب میں واقع بندرعباس کے قریب دوشدید زلزلے آئے ہیں لیکن ان میں فوری طور پر ہلاکتوں کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔البتہ ان کے نتیجے میں معمولی نقصان ہوا ہے۔
Who else felt the #small #earthquake here in #Dubai pic.twitter.com/BqLdCrI1Rq
— 🟣 Kinda Ibrahim (@kindaibrahim) November 14, 2021
سرکاری ٹی وی نے مقامی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: جنوبی ایران میں آنے والے زلزلوں کی ریختراسکیل پر شدت 6.3 اور 6.4 تھی۔
متعدد افراد نے العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ انھیں سعودی عرب کے مشرق میں واقع بعض شہروں میں ہلکا سا زلزلہ محسوس ہوا۔ یورپ بحیرہ روم زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ جنوبی علاقوں میں زلزلے کی شدت 6.5 تھی اوراس کا مرکز بندرعباس سے 68 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا۔
متحدہ عرب امارات کے قومی مرکز برائے موسمیات (نیشنل سینٹرفارمیٹرولوجی) نے ٹویٹ کیا کہ ’’ایران کے جنوب میں اتوار کو ریختراسکیل پر 6.2 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ زلزلہ یواے ای کے وقت سہ پہر16:07بجے آیا ہے۔‘‘
#Dubai tremors: Many residents were evacuated from their buildings (this is in Barsha Heights). The quake took place in Iran. https://t.co/HheOv7MzxD pic.twitter.com/qzgXzrVj2t
— Aarti Nagraj (@aartinagraj) November 14, 2021
مرکزکے مطابق جنوبی ایران میں آنے والے اس زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹرتھی اور اس کے ملک پر اب تک کوئی منفی اثرات مرتب نہیں ہوئے ہیں۔ابوظبی، دبئی اور راس الخیمہ کے مکینوں نے ایران میں اس زلزلے کے بعد عمارتوں اورگھروں کے لرزنے کی اطلاع دی ہے۔
رائٹرزنیوزایجنسی کے مطابق ایک مقامی عہدہ دار نے ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ اس زلزلہ کے جھٹکے جنوبی صوبہ ہرمزگان کےمتعدد شہروں میں محسوس کیے گئے ہیں۔سرکاری ٹی وی کے مطابق علاقے میں دو زلزلوں کے بعد مزید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ایران ارضیات کی خرابی کی بڑی لائنوں پر واقع ہے اور حالیہ برسوں میں اسے کئی تباہ کن زلزلوں کا سامنا کرناپڑا ہے۔